ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک: آئندہ 7 دنوں تک شدید بارش و تیز ہواؤں کا امکان، کئی اضلاع کے لیے موسمیاتی وارننگ جاری

کرناٹک: آئندہ 7 دنوں تک شدید بارش و تیز ہواؤں کا امکان، کئی اضلاع کے لیے موسمیاتی وارننگ جاری

Mon, 08 Jun 2026 11:41:03    S O News
کرناٹک: آئندہ 7 دنوں تک شدید بارش و تیز ہواؤں کا امکان، کئی اضلاع کے لیے موسمیاتی وارننگ جاری

بنگلورو، 8/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی)محکمہ موسمیات نے کرناٹک کے مختلف علاقوں کے لیے آئندہ سات دنوں کے دوران شدید بارشوں، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ پیش گوئی کے مطابق ریاست کے ساحلی اضلاع، ملناڈ خطے اور شمالی کرناٹک کے کئی اضلاع میں بعض مقامات پر انتہائی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 7 جون سے 12 جون کے دوران ساحلی اضلاع دکشن کنڑ، اُڈپی اور اُتر کنڑا میں مسلسل شدید تا انتہائی شدید بارشوں کا امکان ہے، جبکہ 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

شمالی کرناٹک کے بیلگاوی، دھارواڑ، ہاویری، گدگ، رائچور، یادگیر، کلبرگی، وجئے پورہ، کوپل، بیدر اور باگلکوٹ اضلاع میں مختلف دنوں میں شدید بارش اور گرج چمک کے ساتھ 40 تا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جنوبی کرناٹک کے چکمگلورو، شیموگہ، کوڈاگو، ہاسن، داونگیرے، چترادرگہ، ٹمکورو، چکبالاپور، بنگلورو شہری و دیہی، کولار، رام نگر، میسورو، منڈیا، چامراج نگر، بلاری اور وجئے نگر اضلاع میں بھی بارش کی سرگرمیاں تیز رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 9 اور 10 جون کو خاص طور پر چکمگلورو اور شیموگہ اضلاع میں انتہائی شدید بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ کوڈاگو، ہاسن اور داونگیرے اضلاع میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔

اسی طرح اُڈپی، اُتر کنڑ ااور دکشن کنڑ اضلاع میں 8 سے 10 جون کے دوران انتہائی شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے، درخت گرنے، ٹریفک متاثر ہونے اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں، کسانوں اور عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ خراب موسمی حالات کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کیا جائے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔

ماہرین کے مطابق جنوب مغربی مانسون کے سرگرم ہونے کے باعث ریاست کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کی شدت آئندہ چند دنوں تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس سے آبی ذخائر میں پانی کی آمد میں اضافہ اور زرعی سرگرمیوں کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے، تاہم بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال اور فصلوں کو نقصان پہنچنے کے خدشات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔


Share: