ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / محکمہ موسمیات کا الرٹ: کہیں بارش، کہیں شدید گرمی کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کا الرٹ: کہیں بارش، کہیں شدید گرمی کی پیشگوئی

Mon, 03 Mar 2025 11:12:59    S O News

نئی دہلی ،3/  مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)پچھلے چند دنوں سے موسم میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔ مغربی بنگال، سکم، تمل ناڈو، آسام اور میگھالیہ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث موسم دوبارہ خوشگوار اور قدرے ٹھنڈا ہو گیا ہے۔ اسی دوران، دہلی میں بھی درجہ حرارت میں 2.4 ڈگری سیلسیس کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے سردی کا ہلکا احساس بڑھ گیا ہے۔

حالانکہ اگلے 24 گھنٹوں میں شمالی ہند میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2 ڈگری اضافہ ہونے کا امکان ہے لیکن اس کے بعد ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے درجہ حرارت میں ایک بار پھر 2 سے 4 ڈگری تک کی گراوٹ درج کی جا سکتی ہے۔ وہیں وسطی ہند اور مہاراشٹر کے علاقے میں اگلے دو دن درجہ حرارت پہلے کی طرح رہے گا لیکن اس کے بعد اس میں گراوٹ آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جموں علاقے اور ہماچل پردیش میں پیر کو تیز آواز کے ساتھ آندھی-طوفان آنے کا اندیشہ ہے۔ ان علاقوں میں اگلے 24 گھنٹوں میں شدید بارش ہو سکتی ہے وہیں پنجاب میں ژالہ باری کا بھی خطرہ ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ نے جموں، ہماچل پردیش اور پنجاب کے لیے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔ اتراکھنڈ میں بھی بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ و ناگالینڈ سمیت شمال مشرق ریاستوں میں بھی بارش کے آثار ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے میں وسطی یوپی، مشرقی راجستھان، سوراشٹر، کچھہ، مغربی مدھیہ پردیش، آسام اور میگھالیہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں گراوٹ آئی ہے۔ میدانی علاقوں کی بات کریں تو مہاراشٹر کے ودربھ کے اکولا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا، جو سب سے زیادہ ہے۔

ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے ملک کے کئی حصوں میں پیر کو بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ مغربی ہمالیائی ریجن میں 4 مارچ تک بھاری برفباری کا نظارہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ وہیں اس کے برعکس ساحلی کرناٹک میں کچھ مقامات پر اگلے 24 گھنٹے میں ہیٹ ویب کی حالت بن سکتی ہے۔


Share: