ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / راہل گاندھی بہار میں عوامی رابطے کی مہم پر، بیگوسرائے میں کنہیا کمار کے ساتھ پیدل مارچ

راہل گاندھی بہار میں عوامی رابطے کی مہم پر، بیگوسرائے میں کنہیا کمار کے ساتھ پیدل مارچ

Mon, 07 Apr 2025 11:06:56    S O News

پٹنہ، 7/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی آج بہار کے دورے پر ہیں، جہاں وہ پارٹی کے نوجوان رہنما کنہیا کمار کے ساتھ بیگوسرائے میں ایک سیاسی پروگرام میں شرکت کریں گے۔ راہل گاندھی صبح پٹنہ ایئرپورٹ پہنچیں گے، جہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے وہ سیدھے بیگوسرائے روانہ ہوں گے۔ وہاں وہ "پلاین روکو، نوکری دو" پد یاترا میں شامل ہوں گے۔ یاترا کا آغاز آئی ٹی آئی میدان میں جھنڈا لہرانے کے بعد ہوگا، جہاں سے راہل اور کنہیا تقریباً 2 کلومیٹر پیدل مارچ کریں گے۔ یہ یاترا زیرو مائل پر اختتام پذیر ہوگی اور راہل گاندھی اس دوران عام لوگوں سے ملاقات کریں گے۔

کنہیا کمار کی اس پد یاترا کا مقصد منتقلی کو روکنا اور نوکری کا مطالبہ کرنا ہے۔ راہل گاندھی بھی اس معاملے پر لوگوں کی حمایت جٹائیں گے۔   شام میں پپرور میں یہ یاترا ختم ہوگی۔ اس دوران راہل لوگوں سے بات چیت کریں گے۔ اس کے بعد وہ پٹنہ آئیں گے۔ یہاں پر دو پروگراموں سے خطاب کریں گے۔

بہار دورے سے پہلے اتوار کو راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر ایک منٹ کا ایک ویڈیو پیغام ساجھا کیا تھا، اس میں انہوں نے بہار کے نوجوانوں سے سفید ٹی شرٹ پہن کر مارچ میں شامل ہونے کی گزارش کی۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا، ’ہمارا مقصد بہار کے نوجوانوں کی حالت کی طرف دنیا کی توجہ مرکوز کرنی ہے، جو دیکھ رہے ہیں کہ سرکاری نوکریاں دن بہ دن کم ہوتی جا رہی ہے اور نجکاری سے کوئی فائدہ نہیں ہو رہا ہے۔ اپنے حقوق کے لیے حکومت پر دباؤ بنانے اور اسے (اقتدار سے) ہٹانے کے لیے آواز اٹھائیں‘۔

واضح رہے کہ بہار میں اسمبلی انتخابات اسی سال ہونے ہیں اور اس میں چند مہینے ہی باقی ہیں۔ اس لیے سبھی پارٹیاں ابھی سے ہی انتخابی تیاریوں میں جٹ گئی ہیں اور عوام سے جڑنے کی کوشش میں لگ گئی ہیں۔ یہاں راشٹریہ جنتادل، کانگریس اور بائیں بازوں کی جماعتوں کے عظیم اتحاد کا مقابلہ این ڈی اے سے ہے، جس میں جنتادل یو بھی شامل ہے۔


Share: