ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپیشل رپورٹس / بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کی توسیع : کیوں رکا ہے کام؟ کون کھڑی کررہا ہے رکاوٹ ؟

بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کی توسیع : کیوں رکا ہے کام؟ کون کھڑی کررہا ہے رکاوٹ ؟

Mon, 15 Sep 2025 13:19:16    S O News
بھٹکل میں نیشنل ہائی وے کی توسیع : کیوں رکا ہے کام؟ کون کھڑی کررہا ہے رکاوٹ ؟

بھٹکل،  15 / ستمبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں برسات کا موسم قریب الختم ہونے کے باوجود نیشنل ہائی وے فور لین توسیع کا ایک عرصے سے التوا میں پڑا ہوا کام دوبارہ شروع ہونے کے آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ اس تعلق سے عوام کو اب تعلقہ انتظامیہ کی پالیسی اور طریقہ کار پر ہی شکوک و شبہات ہونے لگے ہیں۔
    
برسات کے موسم میں ہائی وے کے ادھورے کام کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل کے تعلق سے کہا جا رہا تھا کہ بارش تھمتے ہی کام شروع کیا جائے گا ۔ مگر اب بارش تھمنے لگی ہے تو این ایچ اے آئی اور ٹھیکیدار کمپنی کے ذمہ داران تعلقہ انتظامیہ کے افسران کی طرف سے گرین سگنل ملنے کے بعد ہی کام شروع کرنے کی بات کہہ رہے ہیں۔
    
اس سے  پہلے زمین تحویل میں لینے کے سلسلے میں ہو رہی رکاوٹ کی بات کہی جا رہی تھی ، مگر اب تو تحویل اراضی کا زیادہ تر مسئلہ حل ہو چکا ہے ، دو ایک افراد کی طرف سے معاوضے کے مسئلے پر عدالت میں جانے کی بات چھوڑیں تو دوسری کوئی بڑی رکاوٹ نہیں ہے ۔ اب جو زمین تحویل میں لی جا چکی ہے اس پر کام شروع کرنے میں نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کی طرف سے ٹال مٹول کا رویہ سمجھ میں نہیں آ رہا ہے ۔ افسران کی نیت اور پالیسی کے تعلق سے عوام کے اندر پیدا ہونے والے شکوک و شبہات کی ایک وجہ اور بھی ہے کہ زمین کے جن ٹکڑوں کا معاوضہ ادا کیا جا چکا ہے اس پر بعض جگہ پرانے مالکان پھر سے قبضہ جما کر بیٹھ گئے ہیں اور انہیں وہاں سے ہٹانے کی کارروائی سرکاری افسران کی طرف سے نہیں ہو رہی ہے ۔ آخر یہ کیا معمہ ہے ؟
    
نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کے افسران سے پوچھو تو وہ لوگ  مقامی تحصیلدار، اسسٹنٹ کمشنر اور ضلع ڈپٹی کمشنر کی طرف انگلی اٹھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ بعض جگہوں پر سڑک کا توسیعی کام کرنے سے پہلے نالوں کی تعمیر ناگزیر ہے ۔ رنگین کٹے سے موڈ بھٹکل تک نیشنل ہائی وے کنارے موجود درختوں کو کاٹنے اور بعض عمارتوں کو خالی کروانے جیسے کام باقی ہیں۔ نیشنل ہائی وے کے ایک افسر نے بتایا کہ  اگر ہم خود آگے بڑھ کر  درختوں کو ہٹانے کا  کام شروع کریں گے تو امن و قانون کی صورت حال بگڑنے پر ہم کو ہی ذمہ دار ٹہرایا جاتا ہے ۔ اگر آج ضلعی اور تعلقہ انتظامیہ پوری طرح تحفظ  فراہم کرتے ہوئے ہمیں ہری جھنڈی دکھاتی ہے  تو آئی  آر بی کا عملہ کل سے  ہی کام آگے بڑھانے کے لئے تیار ہے۔
    
این ایچ اے آئی کے اس موقف سے یہ بات صاف ہوگئی ہے کہ نیشنل ہائی وے کے تعمیراتی کام کی تکمیل کا انحصار پوری طرح ضلع ڈپٹی کمشنر کے عزم اور فیصلے پر ہے ۔ چونکہ بھٹکل کے عوام کی طرف سے نیشنل ہائی وے کی توسیع کے معاملے میں کسی قسم کے نئے مطالبات سامنے نہیں آئے ہیں اس لئے جتنی جلدی ممکن ہو اس کام کو پورا کرنا ضروری ہے۔

 اگر ضلع اور تعلقہ انتظامیہ مضبوط ارادے کے ساتھ  شاہراہ کا کام مکمل کرنے کی طرف توجہ نہیں دیں گے تو پھر آخر یہ ادھورا کام کب ختم ہوگا اور اس سے متعلقہ مسائل سے عوام کو کب راحت ملے گی، اس کا جواب بھٹکل کے مختلف اداروں کے زمہ داران کو ہی تلاش کرنا ہوگا۔


Share: