
بھٹکل، 13 مارچ (ایس او نیوز): معروف سیاحتی مقام مرڈیشور، جہاں ملک بھر سے سیاح بڑی تعداد میں پہنچتے ہیں، وہاں سیاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی پولیس نے اہم اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں مرڈیشور پولیس تھانہ حدود میں واقع ہوم اسٹے، ریزورٹس اور لاڈج کے مالکان کو طلب کرکے انہیں سخت ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔
بھٹکل مضافاتی حدود کے انچارج سرکل پولیس انسپکٹر (سی پی آئی) سنتوش کائیکنی کی نگرانی میں منعقدہ اس اجلاس میں تمام ہوم اسٹے اور لاڈج مالکان کو واضح طور پر تاکید کی گئی کہ وہ سیاحوں، خاص طور پر غیر ملکی سیاحوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ پولیس نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی سیاح کو سنسان، دور دراز یا جنگلاتی علاقوں میں لے جانے سے قبل متعلقہ پولیس اسٹیشن کو مطلع کرنا اور باضابطہ اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
پولیس حکام نے متنبہ کیا کہ اگر کسی سیاح کو پولیس یا جنگلاتی محکمے کی پیشگی منظوری کے بغیر ایسے علاقوں میں لے جایا جاتا ہے اور اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ، جیسے جرائم پیشہ افراد کا حملہ یا جنگلی جانوروں کے حملے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو اس کی مکمل ذمہ داری ہوم اسٹے اور لاجز کے مالکان پر عائد ہوگی۔ ایسے لاپرواہی پر مبنی اقدامات کو قانون کے تحت قابل سزا جرم تصور کیا جائے گا۔
پولیس نے تمام ہوم اسٹے، ریزورٹس اور لاجز کے مالکان کو سختی سے تاکید کی کہ وہ ان رہنما اصولوں پر سختی سے عمل کریں تاکہ سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
