
ممبئی، 13/اپریل (ایس او نیوز/ ایجنسی) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے دبئی سے ممبئی کے لئے انڈر واٹر ٹرین یعنی زیر آب ٹرین سروس کا منصوبہ بنایا ہے جس کے ذریعے ممبئی سے دبئی کا سفر صرف دو گھنٹے میں ممکن ہوگا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یو اے ای کے نیشنل ایڈوائزر بیورو لمیٹڈ کا یہ منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان سفر کو نہ صرف تیز تر بنائے گا بلکہ اسے مزید آرام دہ اور آسان بھی بنائے گا۔ اس زیر آب ٹرین سروس کے آغاز سے سفر کے وقت میں ایک گھنٹہ سے زیادہ کی کمی متوقع ہے، کیونکہ عموماً ممبئی سے دبئی جانے کے لیے ہوائی سفر میں 3 سے 3.5 گھنٹے لگتے ہیں۔ اس ٹرین سروس میں جدید ٹیکنالوجی جیسے ہائپر لوپ سسٹم کا استعمال کیا جائے گا، جس سے مسافروں کو تیز رفتار اور محفوظ سفر کا تجربہ ملے گا۔ اس قدم سے سفری اخراجات میں کمی آئے گی اور عوام کی جیب پر معاشی بوجھ بھی کم ہوگا، تاہم اس ٹرین کا کرایہ کیا ہوگا، اس بارے میں ابھی تک کوئی تفصیل نہیں دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان تقریباً ۲؍ ہزار کلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ زیر آب ٹرین مسافروں کو ایک متبادل فراہم کرے گی۔ فی الحال یو اے ای تک کا سفر صرف پرواز کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ اس منصوبے سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ ممبئی دبئی انڈر واٹر ٹرین کو نہ صرف عام مسافروں کیلئے استعمال کیا جائے گا بلکہ ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس ٹرین کے ذریعے ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان تجارتی تعلقات کو بڑھانے کیلئے خام تیل اور پانی سمیت سامان کی نقل و حمل کا بھی منصوبہ ہے۔ مجوزہ زیر آب ریل لنک سے متعلق تاریخوں کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے، لیکن دونوں ممالک اس پروجیکٹ پر بات چیت کر رہے ہیں۔