ممبئی ، 25/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) ممبئی کے دھاراوی علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب ایک ٹرک میں رکھے ایل پی جی سلنڈروں میں یکے بعد دیگرے دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کے بعد آگ کے شعلے بلند ہو گئے اور ہر طرف دھواں چھا گیا۔ اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ پیر کی رات تقریباً 10 بجے دھاراوی لنک روڈ پر پیش آیا، جس سے علاقے میں افرا تفری مچ گئی۔
حادثے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی اور حالات پر قابو پایا۔ غنیمت رہی کہ اس حادثہ میں کسی کی جان نہیں گئی۔ بی ایم سی نے کہا کہ الرٹ ملنے پر ممبئی فائر بریگیڈ نے فوری طور پر کام کیا۔ شروعات میں اس آگ کو لیول 1 کی آگ کہا گیا لیکن بعد میں اسے لیول 2 درجے کی آگ کا اعلان کیا گیا۔
حالات کو قابو کرنے کے لیے مقامی پولیس، ٹریفک پولیس اور 108 ایمبولنس کے ساتھ فائر بریگیڈ محکمہ کو موقع پر بھیجا گیا۔ افسروں نے بتایا کہ واقعہ میں اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق آگ کی وجہ سے سلنڈروں میں دھماکے ہوئے۔ پولیس نے بتایا کہ جلتے ہوئے ٹرک کے بغل میں کھڑی قریب تین سے چار دیگر گاڑیوں کو آگ کی زد میں آنے سے نقصان پہنچا۔ ٹرک ڈرائیور کی تصدیق کر لی گئی ہے اور افسران اس سے پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لینے کی تیاری میں ہیں۔
آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی کُل 19 گاڑیاں تعینات کی گئیں۔ راحت اور بچاؤ مہم کے دوران دھاراوی پولیس اسٹیشن کے سینئر ایس پی اور زون 5 کے اسسٹنٹ کمشنر اور پولیس ڈپٹی کمشنر سمیت سینئرر پولیس افسر موقع پر موجود تھے۔ ایک افسر نے بتایا کہ حالات اب پوری طرح قابو میں ہے۔
اس درمیان دھاراوی ڈپو کے پاس گیس سلنڈر ٹرک میں شدید آگ لگنے کی وجہ سے احتیاط کے طور پر سڑک کے ٹریفک کو بند کر دیا گیا تھا۔ نتیجتاً بیسٹ کی بسوں کے روٹ ڈائیورٹ کر دیے گئے تھے۔