ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستانی تارکین وطن کی بے دخلی پر ششی تھرور کا امریکی رویے پر اعتراض

ہندوستانی تارکین وطن کی بے دخلی پر ششی تھرور کا امریکی رویے پر اعتراض

Thu, 06 Feb 2025 16:58:15  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی، 6/فروری (ایس او نیوز  /ایجنسی) امریکی حکومت نے بدھ کے روز 104 غیر قانونی طور پر مقیم ہندوستانی شہریوں کو بے دخل کر کے ایک فوجی طیارے کے ذریعے امرتسر ایئرپورٹ پر پہنچایا۔ یہ بے دخلی امریکہ کی امیگریشن پالیسی کے تحت عمل میں آئی، جہاں ان افراد کو غیر قانونی رہائش کی بنیاد پر ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔ تاہم، اس معاملے پر ہندوستان میں سیاسی ردعمل دیکھنے کو ملا ہے، خاص طور پر ان شہریوں کو واپس بھیجنے کے طریقۂ کار پر شدید اعتراض کیا جا رہا ہے۔

حزبِ اختلاف نے الزام لگایا کہ ہندوستانی تارکین وطن کو بے دخل کرتے وقت نہ صرف انہیں ہتھکڑی پہنائی گئی بلکہ انہیں ایک فوجی طیارے میں واپس بھیجا گیا، جو کہ ایک نامناسب رویہ ہے۔ اس معاملے پر کانگریس رہنما اور پارلیمانی خارجہ امور کمیٹی کے چیئرمین ششی تھرور نے بھی سخت ردعمل دیا۔

ششی تھرور نے کہا کہ امریکہ کو غیر قانونی تارکین وطن کو بے دخل کرنے کا حق ضرور حاصل ہے لیکن انہیں ہتھکڑیوں میں جکڑ کر فوجی طیارے میں بھیجنا غیر ضروری اور نامناسب عمل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکہ کو چاہیے تھا کہ وہ انہیں کسی عام کمرشل پرواز کے ذریعے واپس بھیجتا۔

'انڈین ایکسپریس' سے گفتگو کرتے ہوئے تھرور نے کہا، ’’میں نے سنا کہ ان لوگوں کو فوجی طیارے میں بھیجا گیا۔ یہ وہ نکتہ ہے جو بالکل درست نہیں ہے۔ امریکہ کے پاس انہیں واپس بھیجنے کا اختیار ضرور ہے لیکن اس طرح بھیجنا غلط ہے۔ بہتر ہوتا کہ انہیں ایک عام کمرشل فلائٹ کے ذریعے واپس بھیجا جاتا۔‘‘

ششی تھرور نے مزید کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ حکومت ہند اس معاملے پر امریکہ سے بات کرے اور واضح کرے کہ ان لوگوں کو ہتھکڑی پہنانے کی ضرورت نہیں تھی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ لوگ مجرم نہیں ہیں۔ ان کا قصور بس اتنا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر امریکہ میں داخلہ لیا۔ اب جب کہ امریکہ انہیں بے دخل کر رہا ہے، تو کم از کم ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھا جانا چاہیے۔ انہیں ہتھکڑی میں جکڑ کر بھیجنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔‘‘

حزبِ اختلاف کے دیگر رہنماؤں نے بھی حکومتِ ہند پر زور دیا کہ وہ امریکہ سے اس معاملے پر وضاحت طلب کرے اور یہ یقینی بنائے کہ مستقبل میں ہندوستانی شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک نہ کیا جائے۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ میں امیگریشن قوانین مزید سخت کیے جا رہے ہیں اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکومت ہند نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔


Share: