بھٹکل 10/ ستمبر (ایس او نیوز) : بھٹکل جالی کراس پر نیشنل ہائی وے کے کنارے کھڑے ہوکر اپنے ایک ساتھی سے بات چیت کے دوران ایک کار کی ٹکر سے 62 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ حادثہ جمعرات کی صبح تقریباً پونے سات بجے پیش آیا۔
مہلوک کی شناخت کمٹہ کے رہائشی پرمیشور راما دیواڑیگا کے طور پر کی گئی ہے، جو بھٹکل کے مُنڈلی میں اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ مقیم تھا۔
پتہ چلا ہے کہ پرمیشور نے صرف دو روز قبل ہی بھٹکل کے ایک نجی اسپتال میں واچ مین کی حیثیت سے ملازمت شروع کی تھی۔ پولیس تھانے میں درج شکایت کے مطابق، جمعرات کی صبح وہ جالی کراس نیشنل ہائی وے پر اپنے ایک ساتھی کے ساتھ بات چیت میں مصروف تھا کہ شیرور سے ہوناور کی طرف جارہی ایک تیز رفتار کار ان سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ پرمیشور کی دائیں ٹانگ، دائیں ہاتھ، سینے اور سر پر شدید چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر بھٹکل کے ایک قریبی نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا، تاہم علاج کے دوران صبح تقریباً پونے نو بجے ان کی موت ہوگئی۔
اس سلسلے میں بھٹکل ٹاؤن پولیس تھانے میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس مزید چھان بین کررہی ہے۔