ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ممتا بنرجی آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کریں گی، مرکزی حکومت کی منظوری

ممتا بنرجی آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کریں گی، مرکزی حکومت کی منظوری

Thu, 13 Mar 2025 11:16:52    S O News

کولکاتہ ، 13/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ترنمول کانگریس کی رہنما ممتا بنرجی کے بیرون ملک جانے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ مرکزی حکومت کی جانب سے ممتا کو لندن میں واقع آکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر دینے کے لیے آفیشیل اجازت مل گئی ہے۔ وہ اگلے ہفتے لندن کے دورے پر جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 21 مارچ کو لندن کے لیے روانہ ہوں گی، جہاں وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کریں گی۔

واضح ہو کہ ممتا نے گزشتہ سال کولکاتہ میں واقع ایک تعلیمی ادارے میں خطاب کے دوران یہ جانکاری دی تھی کہ انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی اور لندن اسکول آف اکنامکس نے خطاب کے لیے مدعو کیا ہے۔ بعد ازاں ریاستی انتظامیہ سے متعلق ذرائع نے بتایا تھا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو آکسفورڈ یونیورسٹی نے مغربی بنگال میں اپنی مدت کار میں کیے گئے سماجی بہبود کے منصوبوں سے متعلق لیکچر دینے کے لیے مدعو کیا ہے۔  وہ آکسفورڈ میں 27 مارچ کو لیکچر دیں گی۔ وہیں گزشتہ ہفتہ ریاستی حکومت سے منسلک ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ممتا بنرجی نے دعوت قبول کر لیا ہے اور ان کے آکسفورڈ یونیورسٹی میں سماجی بہبود کے منصوبوں پر لیکچر دینے کی امید ہے۔ لیکچر کے بعد وہ لندن میں ایک بزنس کانکلیو میں بھی شرکت کر سکتی ہیں۔

واضح ہو کہ ممتا بنرجی کو نومبر 2023 میں بنگال گلوبل بزنس سمٹ کے دوران یونیورسٹی کے پرو-وائس چانسلر جوناتھن مِچی کی جانب سے لیکچر دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی 21 مارچ کو کولکاتا سے بذریعہ ہوائی جہاز دبئی پہنچیں گی۔ پھر وہ وہاں سے لندن کے لیے روانہ ہوں گی۔ آکسفورڈ میں لیکچر دینے کے علاوہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے لندن میں اور بھی کئی پروگرام ہیں۔ علاوہ ازیں ممتا بنرجی وہاں کچھ بڑے صنعتکاروں سے بھی ملاقات کریں گی اور ان کے ساتھ میٹنگ کریں گی۔ یہی نہیں لندن کے سفر کے دوران ممتا بنرجی دبئی میں بھی کچھ صنعتکاروں کے ساتھ میٹنگ کر سکتی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل ستمبر 2023 میں، وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک بزنس سمٹ میں حصہ لینے کے لیے اسپین کا دورا کیا تھا۔ اس وقت انہوں نے میڈرڈ اور بارسلونا میں الگ الگ وفود سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ ان کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سورو گانگولی اور بنگال کے دیگر نامور تاجر اور صنعت کار بھی تھے۔ اس سے قبل ممتا بنرجی کو 2020 میں آکسفورڈ یونین کی دعوت پر لیکچر دینے جانا تھا، لیکن آخری وقت میں پروگرام ملتوی کر دیا گیا اور آکسفورڈ کے افسران نے انہیں ای میل کے ذریعہ اس بارے میں جانکاری دی۔ علاوہ ازیں ممتا بنرجی نے 2015 میں لندن کا دورہ کیا تھا، اس وقت وہ بکنگھم پیلس بھی گئی تھیں۔


Share: