ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کیرالہ کے گورنر کالی کٹ یونیورسٹی میں ساورکر مخالف بینر پر برہم

کیرالہ کے گورنر کالی کٹ یونیورسٹی میں ساورکر مخالف بینر پر برہم

Mon, 24 Mar 2025 02:06:41    S O News
کیرالہ کے گورنر کالی کٹ یونیورسٹی میں ساورکر مخالف بینر پر برہم

کالی کٹ 23/مارچ (ایس او نیوز) کیرالہ کے گورنر اور ریاستی یونیورسٹیوں کے چانسلر، راجندر وشوناتھ ارلیکر نے کالی کٹ یونیورسٹی میں طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا (SFI) کے ذریعہ لگائے گئے وینائک دامودر ساورکر مخالف بینر پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتےںہوئے کہا کہ ساورکر ملک کے دشمن نہیں بلکہ انہوں نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں۔

گورنر ارلیکر ہفتے کے روز کالی کٹ یونیورسٹی میں سینیٹ اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ اس موقع پر جب انہوں نے ایک بینر دیکھا جس پر لکھا تھا: "ہمیں چانسلر چاہیے، ساورکر نہیں" تو وہ حیران رہ گئے۔ انہوں نے اس بینر کے پسِ منظر پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ساورکر ملک کے دشمن کیسے ہو سکتے ہیں؟

گورنر نے کہا: “جب میں یونیورسٹی میں داخل ہوا تو میں نے ایک بینر دیکھا جس پر لکھا تھا، 'ہمیں چانسلر چاہیے، ساورکر نہیں'۔ یہ کیسی سوچ ہے؟ ساورکر ملک کے دشمن کیسے بن سکتے ہیں؟ اگر آپ صحیح سے مطالعہ کریں گے، تو ساورکر کو بھی صحیح طور پر سمجھیں گے۔ ساورکر وہ شخص تھے جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں۔ انہوں نے کبھی اپنے گھر یا خاندان کے بارے میں نہیں سوچا بلکہ ہمیشہ قوم کے بارے میں فکر مند رہے اور دوسروں کے لیے کام کیا۔”

انہوں نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو بھی ہدایت دی کہ اس طرح کے بینرز کیمپس میں کیسے لگتے ہیں، اس پر نظر رکھی جائے۔ واضح رہے کہ یہ بینر کچھ ماہ قبل SFI کارکنان نے اس وقت لگایا تھا جب وہ اس وقت کے گورنر عارف محمد خان کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ گورنر ارلیکر نے بطور چانسلر کالی کٹ یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس میں شرکت کی، جو یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے۔


Share: