ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک پولیس میں 3,395 کانسٹیبل عہدوں پر بھرتی، آن لائن درخواستیں طلب

کرناٹک پولیس میں 3,395 کانسٹیبل عہدوں پر بھرتی، آن لائن درخواستیں طلب

Mon, 08 Jun 2026 11:34:35    S O News

بنگلورو، 8/ جون (ایس او نیوز /ایجنسی) ریاستی وزیر داخلہ، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور ای-گورننس پریانک کھرگے نے اعلان کیا ہے کہ کرناٹک ریاستی پولیس محکمہ میں مختلف اضلاع، شہروں اور یونٹوں میں خالی پڑے 3,395 سول پولیس کانسٹیبل عہدوں پر براہِ راست بھرتی کے لیے اہل امیدواروں سے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔

وزیر موصوف کے مطابق بھرتی کے عمل کا اہم مرحلہ یعنی مقابلہ جاتی تحریری امتحان کرناٹک ایگزامینیشن اتھارٹی (کے ای اے) کے زیرِ اہتمام آف لائن او ایم آر طرز پر منعقد کیا جائے گا۔

بھرتی کے لیے مختص 3,395 عہدوں میں 2,266 عہدے مرد امیدواروں، 755 خواتین امیدواروں، 257 حاضر سروس مرد امیدواروں، 82 حاضر سروس خواتین امیدواروں اور 35 عہدے تیسری جنس (ٹرانس جینڈر) امیدواروں کے لیے محفوظ رکھے گئے ہیں۔

منتخب امیدواروں کو 37,500 روپے سے 76,100 روپے ماہانہ تنخواہ کے پیمانے کے ساتھ نیشنل پنشن اسکیم (این پی ایس) کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔

وزیر داخلہ پریانک کھرگے نے بتایا کہ درخواست گزاروں کے لیے پی یو سی یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت لازمی ہے، جس میں سی بی ایس ای، آئی ایس سی، این آئی او ایس یا تین سالہ ڈپلومہ شامل ہے۔

امیدوار کی کم از کم عمر 18 سال ہونی چاہیے جبکہ ریاستی حکومت نے اس بھرتی کے لیے عمر کی بالائی حد میں ایک مرتبہ کے لیے پانچ سال کی رعایت دی ہے۔

جس کے مطابق عمومی زمرے کے امیدواروں کے لیے زیادہ سے زیادہ عمر 33 سال، درج فہرست ذاتوں و قبائل (ایس سی/ایس ٹی) اور دیگر پسماندہ طبقات کے امیدواروں کے لیے 35 سال، قبائلی امیدواروں کے لیے 38 سال مقرر کی گئی ہے۔

درخواستوں کا عمل 8 جون 2026 سے شروع ہوگا جبکہ آن لائن درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ 3 جولائی 2026 مقرر کی گئی ہے۔ امیدوار صرف cetonline.karnataka.gov.in کے ذریعے درخواست جمع کر سکتے ہیں۔

مزید معلومات اور تکنیکی رہنمائی کے لیے امیدوار 080-23460460 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ تازہ ترین اطلاعات کے لیے کے ای اے کے سرکاری ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کی پیروی بھی کی جا سکتی ہے۔

وزیر داخلہ پریانک کھرگے نے نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے مقررہ مدت کے اندر درخواستیں داخل کریں اور ریاستی پولیس فورس کا حصہ بن کر عوامی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔


Share: