ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک ایس ایس ایل سی نتائج: تینوں ساحلی اضلاع کا پھر ایک بار شاندار پرفارمینس ریاست بھر میں پایا اول، دوم اور سوم مقام

کرناٹک ایس ایس ایل سی نتائج: تینوں ساحلی اضلاع کا پھر ایک بار شاندار پرفارمینس ریاست بھر میں پایا اول، دوم اور سوم مقام

Sat, 03 May 2025 11:36:47    S O News
کرناٹک ایس ایس ایل سی نتائج: تینوں ساحلی اضلاع کا پھر ایک بار شاندار پرفارمینس ریاست بھر میں پایا اول، دوم اور سوم مقام

بنگلورو، 3/مئی (اس او نیوز ) کرناٹک اسکول ایگزامنیشن اینڈ ایویلیویشن بورڈ (KSEAB) کی جانب سے تعلیمی سال 2024-25 کے ایس ایس ایل سی سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حیرت انگیز طور پر ریاست کے 144 اسکول ایسے رہے جن کے نتائج مکمل طور پر صفر آئے ہیں۔ ان میں 108 غیر امدادی اسکول، 30 امدادی اسکول، اور 6 سرکاری اسکول شامل ہیں۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق 921 اسکولوں نے 100 فیصد کامیابی حاصل کی، جن میں 539 غیر امدادی، 329 سرکاری، اور 53 امدادی اسکول شامل ہیں۔ امسال جملہ 22 طلبہ نے 625 میں سے مکمل 625 نمبرات حاصل کرتے ہوئے ریاست میں اول مقام حاصل کیا، جن میں تین مسلم طلبہ بھی شامل ہیں۔

ریاست بھر میں ایس ایس ایل سی امتحان میں 7 لاکھ 90 ہزار 890 طلبہ و طالبات نے شرکت کی، جن میں سے 5 لاکھ 23 ہزار 75 کامیاب قرار پائے۔ اس طرح ریاست کا مجموعی نتیجہ 66.14 فیصد رہا۔

غیر امدادی اسکولوں کی کامیابی کی شرح 75.59 فیصد، سرکاری اسکولوں کی کامیابی کی شرح 62.7 فیصد اور امدادی اسکولوں کی کامیابی کی شرح 58.97 فیصد رہی ہے۔

ضلعی سطح پر دکشن کنڑا ضلع نے ریاست بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ یہاں 27,795 طلبہ نے امتحان لکھا، جن میں سے 25,326 کامیاب ہوئے اور ضلع کا نتیجہ 91.12 فیصد رہا۔ اُڈپی ضلع دوسرے نمبر پر رہا، جہاں 13,579 طلبہ میں سے 12,215 کامیاب ہوئے اور مجموعی نتیجہ 88.96 فیصد رہا۔ اتر کنڑا ضلع نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کلبرگی ضلع نے سب سے کم کارکردگی دکھائی۔ یہاں 39,257 طلبہ نے امتحان لکھا اور صرف 16,658 کامیاب ہوئے۔ اس ضلع کا مجموعی نتیجہ 42.43 فیصد رہا۔

نتائج کا اعلان بنگلورو کے ملیشورم میں واقع ہائی اسکول ایگزام بورڈ دفتر میں ریاستی وزیر برائے بنیادی و ثانوی تعلیم مدھو بنگارپا اور محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران کی موجودگی میں کیا گیا۔ طلبہ اپنے نتائج karresults.nic.in یا kseab.karnataka.gov.in پر دیکھ سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایس ایس ایل سی امتحانات 21 مارچ سے 4 اپریل 2025 کے درمیان ریاست کے 2818 امتحانی مراکز پر منعقد کیے گئے، جن میں 4 لاکھ 61 ہزار 539 طلبہ اور 4 لاکھ 34 ہزار 884 طالبات نے شرکت کی۔


Share: