ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جھارکھنڈ کی انتخابی کارکردگی کو اعزاز: نیشنل ایوارڈ کے لیے منتخب، 25 جنوری کو 11 عہدیدار ہوں گے سرفراز

جھارکھنڈ کی انتخابی کارکردگی کو اعزاز: نیشنل ایوارڈ کے لیے منتخب، 25 جنوری کو 11 عہدیدار ہوں گے سرفراز

Thu, 23 Jan 2025 10:40:26  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 23/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)جھارکھنڈ کو پہلی بار بہترین انتخابی انتظامات کے لیے قومی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے اس سال جھارکھنڈ کے ساتھ ساتھ مہاراشٹر اور جموں و کشمیر کو بھی نیشنل ایوارڈ کے لیے منتخب کیا ہے۔ جھارکھنڈ میں یہ اعزاز چیف الیکٹرول آفیسر روی کمار کو دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مشرقی سنگھ بھوم کی ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اننیا متّل کو جنرل کیٹیگری میں قومی ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر، مختلف ریاستوں سے 11 عہدیداروں کو اس ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

کے روی کمار اور اننیا متّل کو یہ ایوارڈ 25 جنوری کو قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر منعقدہ قومی سطح کے پروگرام میں دیا جائے گا۔ یہ پروگرام نئی دہلی میں واقع ’مانیک شا سنٹر‘ میں منعقد ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے منگل (21 جنوری) کو چیف الیکٹورل آفیسر کے نام خط بھیج کر قومی ایوارڈ کے لیے ان افسران کے انتخاب کے بارے میں جانکاری دی۔ ساتھ ہی ایوارڈ لینے کے لیے ضروری تیاریوں کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال ہوئے پارلیمانی انتخاب اور اسمبلی انتخاب میں چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ذریعہ بہت سے نئے طریقے عمل میں لائے گئے تھے۔ ان اقدام کے تحت ووٹرز کو بیدار کرنے کے لیے انٹرنیٹ میڈیا پر ہیش ٹیگ مہم چلائی گئی تھی۔ اسی بیداری مہم کی وجہ سے پارلیمانی انتخاب میں ووٹنگ فیصد میں خاصا اضافہ دیکھنے کو ملا تھا۔ خاص طور پر خواتین ووٹرس بڑی تعداد میں ووٹنگ کے لیے گھروں سے نکلی تھیں۔ ووٹر لسٹ پر نظر ثانی میں بھی جھارکھنڈ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کے تحت ووٹر لسٹ میں موجود غلطیوں کو صفر کی سطح پر لانے کی کوشش کی گئی تھی۔ ریاست میں پارلیمانی انتخاب اور اسمبلی انتخاب مکمل طور پر پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوئے تھے۔ کسی بھی پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ پولنگ کی ضرورت نہیں پڑی تھی۔


Share: