ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / جے پور میں ہٹ اینڈ رن کا ہولناک واقعہ: بے قابو کار نے دو کو کچلا، سات زخمی

جے پور میں ہٹ اینڈ رن کا ہولناک واقعہ: بے قابو کار نے دو کو کچلا، سات زخمی

Tue, 08 Apr 2025 19:57:56    S O News

جئے پور، 8/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)راجستھان کے جئے پور ناہرگڑھ علاقے میں پیر کی شام ہٹ اینڈ رن کا ایک دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا۔ یہاں ایک بے قابو ایس یو وی کار نے کئی دو پہیہ گاڑیوں اور سڑک پر پیدل چل رہے لوگوں کو روند دیا۔ اس حادثے میں 2 افراد کی موت ہو گئی جبکہ 7 دیگر زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

پولیس کی اطلاع کے مطابق ہٹ اینڈ رن کا یہ واقعہ راجستھان کے جئے پور کے ناہرگڑھ علاقے میں ہوا جس میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کا ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کیسے ایک سفید رنگ کی بے قابو کار کئی گاڑیوں کو ٹکر مارتی ہوئی آگے نکل گئی۔ گاڑیوں اور لوگوں کو روندنے کا یہ فوٹیج رونگٹے کھڑے کرنے والا تھا۔

حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے فوراً کار کا پیچھا کرکے اسے گھیر لیا اور ڈرائیور کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی ابتدائی جانچ کے مطابق ڈرائیور گاڑی چلاتے وقت کافی نشے میں تھا۔

ایس ایم ایس پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کنہیا لال نے اے این آئی کو بتایا کہ ناہرگڑھ علاقے سے ہٹ اینڈ رن کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اس میں 9 لوگ زخمی ہوئے تھے جس میں 2 کی موت ہو گئی ہے۔ مہلوکین میں ایک خاتون اور ایک مرد شامل ہے۔ 4 زخمیوں کا ٹراما سینٹر میں علاج کیا جا رہا ہے جبکہ 3 لوگوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔ ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کی رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل ڈی سی پی (شمال) بجرنگ سنگھ نے بتایا کہ مرنے والوں کی شناخت اودھیش پاریک (37) اور ممتا (50) کے طور پر ہوئی ہے۔

پولیس کو یہ رپورٹ بھی ملی ہے کہ اسی گاڑی نے ایم آئی روڈ پر دیگر کاروں اور ایک پیدل مسافر کو ٹکر ماری۔ ایک افسر نے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ کچھ زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے۔ واقعہ کے بعد موقع اور بعد میں ایس ایم ایس اسپتال میں لوگوں کی کافی بھیڑ جمع ہو گئی جہاں زخمیوں کو علاج کے لیے لے جایا گیا۔ ایس پی (کوتوالی) انوپ سنگھ نے تصدیق کی ہے کہ ڈرائیور کو حراست میں لے کر کار کو ضبط کرلیا گیا ہے۔


Share: