ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / انفوسس کے شریک بانی کرس گوپال کرشنن سمیت 18 افراد پر ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

انفوسس کے شریک بانی کرس گوپال کرشنن سمیت 18 افراد پر ایس سی-ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

Wed, 29 Jan 2025 10:36:46  Office Staff   S.O. News Service

    بنگلورو، 29/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی )کرناٹک پولیس نے انفوسس کے شریک بانی کرس گوپال کرشنن، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (IISC) کے سابق ڈائریکٹر بلرام اور دیگر 16 افراد کے خلاف ایس سی/ایس ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ یہ کیس بنگلورو کے سداشیو نگر پولیس اسٹیشن میں 71ویں سول اور سیشن کورٹ کی ہدایت پر درج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، شکایت کنندہ درگاپّا، جو 'بووی' طبقے سے تعلق رکھتے ہیں، ماضی میں IISC کے سینٹر فار سسٹینیبل ٹیکنالوجی میں فیکلٹی ممبر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔

درگاپّا کا کہنا ہے کہ انہیں ’ہنی ٹریپ‘ کے جھوٹے معاملے میں پھنسا کر ان کے خلاف سازش رچی گئی اور اس کے بعد انہیں آئی آئی ایس سی کی ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔ ساتھ ہی درگاپّا نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ اس دوران انہیں ذات پات پر مبنی گالیاں دی گئیں اور دھمکی بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں درگاپّا نے الزام لگایا ہے کہ اس سازش میں کرس گوپال کرشنن، گووندن رنگاراجن، سری دھر واریر، سندھیا وشویشوریا، ہری کے وی ایس، داسپّا، بالارام پی، ہیملتا مِشی، چٹوپادھیائے کے، پردیپ ڈی ساورکر اور منوہرن سمیت کل 18 لوگ شامل ہیں۔

واضح ہو کہ اس معاملے پر آئی آئی ایس سی یا کرس گوپال کرشنن کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اگر کرس گوپال کرشنن کی بات کی جائے تو وہ انفوسس کے شریک بانی میں سے ایک ہیں اور 2007 سے 2011 تک کمپنی کے سی ای او اور ایم ڈی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 2011 سے 2014 تک انفوسس کے نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی حکومت نے ان کے بہترین تعاون کے لیے 2011 میں ’پدم بھوشن‘ سے بھی نوازا تھا۔


Share: