ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہندوستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ نیچے، 199 ممالک میں 148ویں مقام پر

ہندوستانی پاسپورٹ عالمی درجہ بندی میں ایک درجہ نیچے، 199 ممالک میں 148ویں مقام پر

Sat, 05 Apr 2025 11:39:28    S O News

نئی دہلی، 5/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی) نوماد کیپیٹلسٹ پاسپورٹ انڈیکس ۲۰۲۵ء کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کا پاسپورٹ عالمی سطح پر طاقت کے لحاظ سے ایک درجہ نیچے آ گیا ہے اور اب یہ ۱۴۸ ویں نمبر پر ہے۔ یہ انڈیکس ہر سال نوماد کیپیٹلسٹ نامی ٹیکس اور امیگریشن کنسلٹنسی فرم کی جانب سے جاری کیا جاتا ہے، جو دنیا بھر کے پاسپورٹس کو مختلف عوامل کی بنیاد پر جانچتا ہے۔ اس انڈیکس میں پانچ بنیادی معیارات شامل ہیں: بغیر ویزا کے سفر کی سہولت (۵۰ فیصد وزن)، ملکی ٹیکس پالیسی (۲۰ فیصد)، بین الاقوامی ساکھ (۱۰ فیصد)، دہری شہریت کی اجازت (۱۰ فیصد) اور انفرادی آزادی (۱۰ فیصد)۔ رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کو اس سال ۵ء۴۷ پوائنٹس حاصل ہوئے اور اسے کوموروس کے ساتھ مشترکہ طور پر ۱۴۸ ویں مقام پر رکھا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال یہ موزمبیق کے ساتھ ۱۴۷ ویں پوزیشن پر موجود تھا۔

آئرلینڈ کے پاسپورٹ کو اس سال دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا کیونکہ آئرش شہریوں کو یورپی یونین اور برطانیہ میں رہنے اور کام کرنے کے بہتر حقوق حاصل ہیں۔ سوئزرلینڈ دوسرے مقام پر رہا جبکہ یونان، پرتگال، مالٹا، اٹلی، لکسمبرگ، فن لینڈ، ناروے، متحدہ عرب امارات، نیوزی لینڈ اور آئس لینڈ سر فہرست ۱۰ ممالک میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ امریکہ، یورپ کے سان مارینو کے ساتھ ۴۵ ویں مقام پر رہا۔ پاسپورٹ انڈیکس کے سب سے نیچے پاکستان، عراق، ایریٹیریا، یمن اور افغانستان رہے جو بالترتیب ۱۹۵ ویں مقام سے ۱۹۹ ویں مقام پر ہیں۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں جاری کئے گئے ہینلی پاسپورٹ انڈیکس، جو انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے ڈیٹا پر مبنی ہوتا ہے، میں ہندوستان ۸۰ ویں مقام سے گر کر ۸۵ ویں مقام نمبر پر آ گیا ہے۔


Share: