نئی دہلی ، 22/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)سنیکت کسان مورچہ (ایس کے ایم) کے غیر سیاسی پلیٹ فارم اور جگجیت سنگھ دلےوال کی اپیل پر کسان 26 جنوری کو ملک گیر ٹریکٹر مارچ کریں گے۔ اس مارچ کے لیے اہم مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے، جن میں سائی لوج، ٹول پلازہ، بی جے پی ہیڈکوارٹر، اراکین پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور وزراء کے مکانات، شاپنگ مالز، اور قومی و ریاستی شاہراہیں شامل ہیں۔ دوپہر 12 بجے سے 1:30 بجے تک ملک بھر میں کسانوں کے ٹریکٹر سڑکوں پر نظر آئیں گے۔
اس سلسلے میں، سرسا ضلع میں بھی کئی پوائنٹس بنائے گئے ہیں، جن میں بھاودین ٹول پلازہ، کھویا ٹول پلازہ، اوڈھاں سے پننی والا، ساہو والا، کھریا، سادے والا، بنی، دمدمہ، پوہڑکا، چوپٹا، روڈی سے پھگو سمیت کئی جگہوں پر 26 جنوری کو دوپہر 12 بجے سے 1.30 بجے تک کسان اپنے ٹریکٹروں کے ساتھ مارچ کریں گے۔
مذکورہ معلومات بی کے ای کے ریاستی صدر لکھویندر سنگھ نے منگل کو میڈیا سے رو برو ہوتے ہوئے دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 344 دنوں سےکھنوری، شمبھو اور رتن پور سرحدوں پرایم ایس پی پرچیز گارنٹی قانون اور کسانوں اور مزدوروں کے قرض معافی سمیت 12 مطالبات کے تعلق سے کسان آندولن 2 چل رہا ہے۔
واضح رہے کہ مذکورہ مطالبات کے تعلق سے گزشتہ 57 دنوں سے کھنوری مورچہ میں جگجیت سنگھ دلیوال تادم موت تک بھوک ہڑتال پر ہیں۔ پچھلے دو دنوں سے صرف طبی امداد لے رہے ہیں۔ مطالبات پر عمل درآمد تک ان کی بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔