ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ’مہنگی ہوئی سحری و افطار‘، کانگریس نے ’ریٹ کارڈ‘ کے ذریعے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا

’مہنگی ہوئی سحری و افطار‘، کانگریس نے ’ریٹ کارڈ‘ کے ذریعے مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا

Wed, 05 Mar 2025 11:20:12    S O News

نئی دہلی ، 4/مارچ (ایس او نیوز  /ایجنسی)ہندوستان میں مہنگائی مسلسل بڑھتی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی مزید دشوار ہو گئی ہے۔ ملک میں ایک بڑا طبقہ ایسا ہے جو بنیادی ضروریات، خاص طور پر کھانے پینے کی اشیاء خریدنے میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔ رمضان کے آغاز کے ساتھ ہی مسلم طبقے پر مہنگائی کا اثر اور زیادہ محسوس کیا جا رہا ہے، کیونکہ اس مقدس مہینے میں سحری اور افطار کے لیے مخصوص پکوان تیار کیے جاتے ہیں، لیکن ان میں استعمال ہونے والی کئی ضروری اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ اسی پس منظر میں، کانگریس نے ایک 'ریٹ کارڈ' جاری کرتے ہوئے مودی حکومت کو نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت میں سحری و افطار کے اخراجات کانگریس حکومت کے مقابلے کئی گنا بڑھ چکے ہیں۔

دراصل کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ریٹ کارڈ جاری کیا ہے جس میں کانگریس (کی 2013 والی) اور بی جے پی (کی 2025 والی) حکومتوں میں سحری و افطار میں استعمال کی جانے والی اشیاء کی قیمتوں کا موازنہ کیا ہے۔ اس ’ریٹ کارڈ‘ میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس حکومت میں کھجور 240 روپے کلو ملتا تھا، جبکہ بی جے پی حکومت میں یہ قیمت 500 روپے کلو ہے۔ اسی طرح کابلی چنا کی قیمت کانگریس حکومت میں 50 روپے کلو تھی اور بی جے پی حکومت میں اس کی قیمت 160 روپے کلو ہے۔ گلاب شربت کی قیمت کا بھی یہی حال ہے۔ 2013 کی کانگریس حکومت میں گلاب شربت کی قیمت 95 روپے لیٹر تھی، جبکہ بی جے پی حکومت میں یہ قیمت بڑھ کر 200 روپے لیٹر ہو گئی ہے۔

کانگریس کے ’ریٹ کارڈ‘ میں مذکورہ بالا اشیاء کے علاوہ بھی کچھ اشیاء کی پرانی اور نئی قیمتوں میں موازنہ کیا گیا ہے۔ مثلاً 2013 کی کانگریس حکومت میں دودھ 30 روپے لیٹر، مکھن 26 روپے فی 100 گرام، بریڈ 18 روپے فی پیکیٹ، دہی 50 روپے لیٹر، چوڑا 20 روپے کلو، لیموں 50 روپے کلو، انگور 30 روپے کلو، کیلا 25 روپے درجن اور سیب 60 روپے کلو ملتے تھے۔ 2025 کی بی جے پی حکومت میں دیکھیں تو دودھ 68 روپے لیٹر، مکھن 60 روپے فی 100 گرام، بریڈ 60 روپے فی پیکیٹ، دہی 99 روپے لیٹر، چوڑا 60 روپے کلو، لیموں 150 روپے کلو، انگور 150 روپے کلو، کیلا 80 روپے درجن اور سیب 200 روپے کلو ملتے تھے۔ یہ سبھی چیزیں وہ ہیں جو پورے رمضان مسلم طبقہ سحری اور افطار تیار کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے۔

GlMIcvzaIAAfPV3
 


Share: