ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی کے بعد کولکاتا میں بھی زلزلہ کے جھٹکے، مغربی بنگال میں خوف و ہراس، لوگ گھروں سے باہر نکلے

دہلی کے بعد کولکاتا میں بھی زلزلہ کے جھٹکے، مغربی بنگال میں خوف و ہراس، لوگ گھروں سے باہر نکلے

Tue, 25 Feb 2025 18:18:18    S O News

نئی دہلی  ، 25/ فرور ی (ایس او نیوز/ایجنسی )دہلی کے بعد کولکاتا سمیت مغربی بنگال کے کئی علاقے زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اٹھے۔ منگل کی صبح 6:10 بجے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ نیشنل سینٹر فار سسمولوجی کے مطابق زلزلے کی شدت ریختر پیمانے پر 5.1 ریکارڈ کی گئی، جس کا مرکز خلیج بنگال میں تھا اور گہرائی 91 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے اثرات اوڈیشہ کے کئی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ جس وقت زلزلہ آیا تب صبح کا وقت ہونے کی وجہ سے زیادہ تر لوگ گھروں میں سو رہے تھے۔ لیکن اچانک زلزلہ کے جھٹکوں کی وجہ سے لوگ اٹھ کر گھر کے باہر خالی میدان میں جمع ہو گئے۔ زلزلہ کی وجہ سے ہوئے نقصان کی فی الحال کوئی واضح اطلاع نہیں ملی ہے۔

اس سے پہلے اتوار کو ہماچل پردیش کے منڈی ضلع میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ افسروں نے بتایا کہ ضلع کے کئی حصوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس ہوئے۔ اس میں کسی بھی طرح کے جانی و مالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔

وہیں 17 فروری کو قومی راجدھانی دہلی اور آس پاس کے علاقوں میں صبح 5 بجکر 36 منٹ پر زلزلہ کے زوردار جھٹکے محسوس کیے گئے تھے تب کئی سکینڈ تک زمین ہلتی رہی تھی اور لوگ دہشت میں اپنے گھروں سے باہر نکل گئے تھے۔ نیشنل سینٹر فار سسمولاجی کے مطابق ریختر اسکیل پر اس زلزلہ کی شدت 4.0 تھی، جس کا مرکز دہلی کے پاس زمین سے 5 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلہ کے جھٹکے اتنے تیز تھے کہ عمارتوں کے اندر زور دار وائبریشن محسوس کیے گئے۔


Share: