ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / دبئی: گلف میڈیکل یونیورسٹی کے چار نئے بین الاقوامی ایلومنائی چیپٹرس کا آغاز؛ 28 ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کی تہنیت

دبئی: گلف میڈیکل یونیورسٹی کے چار نئے بین الاقوامی ایلومنائی چیپٹرس کا آغاز؛ 28 ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کی تہنیت

Tue, 24 Nov 2026 00:27:05    S O News
دبئی: گلف میڈیکل یونیورسٹی کے چار نئے بین الاقوامی ایلومنائی چیپٹرس کا آغاز؛ 28 ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کی تہنیت

عجمان ۲۳ نومبر (ایس او نیوز): گلف میڈیکل یونیورسٹی (جی ایم یو) نے کینیڈا، عمان، قطر اور سویڈن میں چار نئے بین الاقوامی ایلومنائی چیپٹرس (سابق طلبہ کی شاخوں) کا آغاز کیا ہے، جس کے ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں یونیورسٹی کے بین الاقوامی چیپٹرس کی تعداد بڑھ کر 10 ہوگئی ہے۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے 28 ممتاز فارغ التحصیل طلبہ کو ان کی پیشہ ورانہ اور طبی خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا گیا۔ یہ تقریب اتوار کو عجمان میں واقع تھمبے میڈی سٹی کے جی ایم یو کیمپس میں منعقد ہوئی۔

تھمبے گروپ کے بانی صدر ڈاکٹر تھمبے معین الدین نے نئے چیپٹرس کا افتتاح کیا۔ تقریب میں جی ایم یو کے چانسلر پروفیسر مندا وینکٹ رامنا، شعبۂ ایلومنائی افیئرز کی سربراہ محترمہ نوشین سلمیٰ، جی ایم یو ایلومنائی اسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عمر نبی، یونیورسٹی کے وائس چانسلرس، ڈینس اور دیگر فیکلٹی اراکین بھی موجود تھے۔

gmu-alumni-1.jpg

نئے چیپٹرس کی قیادت متعلقہ ممالک میں مقیم جی ایم یو کے فارغ التحصیل افراد کریں گے۔ ان میں کینیڈا کے لیے ڈاکٹر رضوان رشید، عمان کے لیے ڈاکٹر فرحانہ العثمانی، قطر کے لیے ڈاکٹر جوئل چودھری اور سویڈن کے لیے محترمہ نرمن انیس شامل ہیں۔ اس سے قبل امریکہ، برطانیہ، ہندوستان، جرمنی، بحرین اور پولینڈ میں یونیورسٹی کے ایلومنائی چیپٹرس قائم ہیں۔ ان شاخوں کا مقصد سابق طلبہ کے درمیان پیشہ ورانہ روابط، رہنمائی اور ترقی کے مواقع کو فروغ دینے کے ساتھ انہیں یونیورسٹی سے مسلسل وابستہ رکھنا ہے۔

یونیورسٹی کے 28ویں سال کے موقع پر تقریب میں 28 GMU Icons نامی کتاب کی بھی رونمائی کی گئی، جس میں ایسے 28 فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیوں کو پیش کیا گیا ہے جنہوں نے طبی شعبے میں قیادت، تحقیق، پیشہ ورانہ خدمات اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ کتاب میں شامل تمام 28 شخصیات کو تقریب کے دوران اعزازات سے نوازا گیا۔

پروگرام کے دوران "GMU Alumni – Future Ready" کے عنوان سے ایک پینل مباحثہ بھی منعقد ہوا، جس میں چھ سابق طلبہ نے تعلیمی زندگی سے عملی طبی میدان میں قیادت تک کے اپنے سفر کے تجربات بیان کیے۔ اس موقع پر سابق طلبہ کی جانب سے ڈاکٹر تھمبے معین کو 1998 میں یونیورسٹی کے قیام میں ان کے کردار کے اعتراف میں یادگاری تحفہ بھی پیش کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر تھمبے معین الدین نے کہا کہ تھمبے گروپ میں 3 فیصد ملازمتیں جی ایم یو کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے مختص ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اپنے سابق طلبہ کو دنیا کے کسی بھی حصے میں ان کے پیشہ ورانہ سفر کے دوران تعاون اور رہنمائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

جی ایم یو کے چانسلر پروفیسر مندا وینکٹ رامنا نے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کی کامیابی کا اندازہ اس کے فارغ التحصیل طلبہ کی عملی زندگی میں کامیابیوں سے لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 28 ممتاز سابق طلبہ کی کامیابیاں جی ایم یو کی تعلیمی خدمات کی عکاسی کرتی ہیں، جبکہ نئے چیپٹرس کے قیام سے سابق طلبہ کو اب 10 ممالک میں یونیورسٹی سے وابستہ نیٹ ورک میسر ہوگا۔

gmu-alumni-3.jpg

جی ایم یو اس وقت سات کالجوں کے تحت 55 منظور شدہ تعلیمی پروگرام چلا رہی ہے۔ یونیورسٹی میں 117 سے زائد قومیتوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ زیر تعلیم ہیں، جبکہ تدریسی اور دیگر عملہ 56 ممالک سے تعلق رکھتا ہے۔ یونیورسٹی کے مطابق اس کے 5,000 سے زائد فارغ التحصیل طلبہ دنیا بھر کے مختلف طبی اور صحت کے اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

یونیورسٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق، ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگز 2027 میں بین الاقوامی تناظر (International Outlook) کے زمرے میں جی ایم یو نے 2,297 یونیورسٹیوں میں 99.4 اسکور کے ساتھ عالمی سطح پر پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ اسی طرح کیو ایس عرب ریجن رینکنگز میں بین الاقوامی طلبہ کے تناسب کے اعتبار سے اسے عرب خطے میں اول مقام حاصل ہے، جبکہ THE عرب یونیورسٹی رینکنگز میں یہ 88ویں مقام پر ہے۔ جون 2026 میں برطانیہ کی کوالٹی ایشورنس ایجنسی (QAA) نے بھی یونیورسٹی کو ادارہ جاتی ایکریڈیٹیشن عطا کیا ہے۔

یونیورسٹی کے مطابق، طلبہ کو سات اکیڈمک اسپتالوں میں طبی تربیت فراہم کی جاتی ہے، جہاں مجموعی طور پر 3,100 سے زائد بستروں کی گنجائش موجود ہے۔ اس کے علاوہ جی ایم یو کے دنیا کی 75 سے زائد یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی روابط اور شراکت داری بھی قائم ہے۔

یونیورسٹی میں اسپرنگ 2027 اور فال 2027 کے تعلیمی سیشنوں کے لیے داخلے جاری ہیں۔ میڈیسن، ڈینٹسٹری، فارمیسی، نرسنگ، ہیلتھ سائنسز، ہیلتھ کیئر مینجمنٹ، صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت (AI) اور ویٹرنری میڈیسن سمیت مختلف پروگراموں میں داخلے لیے جاسکتے ہیں۔ مزید تفصیلات اور درخواست کے لیے یونیورسٹی کی ویب سائٹ gmu.ac.ae سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔

Click here for report in English


Share: