منگلورو 28 / فروری (ایس او نیوز) ساحلی علاقوں کے مسافروں اور غیر رہائشی ہندوستانیوں کی طرف سے ایک مدت سے کیے جا رہے مطالبے کو پورا کرتے ہوئے یکم مارچ سے منگلورو سے مسقط کے لئے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں ۔
اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے دکشن کنڑا کے رکن اسمبلی کیپٹن برجیش چوتا نے بتایا کہ ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے یہ پروازیں چلائی جائیں گی ۔ اس سے ملازمت یا تجارتی مقاصد سے مسقط کے لئے سفر کرنے والوں کو بڑی سہولت ہوگی ۔ خیال رہے کہ اس طرح کی براہ راست فلائٹ کے عوامی مطالبے کو رکن پارلیمان کیپٹن برجیش چوتا نے وزارت شہری ہوا بازی کے سامنے رکھا تھا اور ماضی چل رہی اس سروس کو پھر سے بحال کرنے کی مانگ کی تھی ۔
نئے شیڈول کے مطابق ایئر انڈیا کی یہ فلائٹس ہفتے دو مرتبہ اتوار اور منگل کے دن دستیاب رہیں گی ۔ ماضی میں چل رہی اس منگلورو- مسقط فلائٹ سروس کو اچانک بند کر دینے سے ہزاروں مسافروں کے لئے دشواریاں پیدا ہو رہی تھیں اور انہیں اپنے سفر کے لئے کنور، ممبئی یا دہلی ایئر پورٹ جانا پڑتا تھا ۔
رکن پارلیمان چوتا نے منگلورو - مسقط براہ راست پروازں کو بحال کرنے کا مطالبہ پورا کرنے پر مرکزی حکومت اور وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائڈو کنجارپو کا شکریہ ادا کیا ہے ۔