ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپیشل رپورٹس / بھٹکل : سرکاری بسوں کی خستہ حالت - مرمت کرنے والے میکانکس کی کمی - پریشان ہیں دیہی علاقوں کے طلبہ اور عوام

بھٹکل : سرکاری بسوں کی خستہ حالت - مرمت کرنے والے میکانکس کی کمی - پریشان ہیں دیہی علاقوں کے طلبہ اور عوام

Mon, 08 Jun 2026 18:41:57    S O News
بھٹکل : سرکاری بسوں کی خستہ حالت - مرمت کرنے والے میکانکس کی کمی - پریشان ہیں دیہی علاقوں کے طلبہ اور عوام

بھٹکل،  8 / جون (ایس او نیوز) بھٹکل کے اطراف واکناف اور خاص کر دیہی مقامات تک آمد و رفت کے لئے طلباء اور عوام سرکاری بسوں پر ہی انحصار کرتے ہیں، لیکن ان بسوں کی خستہ حالت کی وجہ سے یہ عوام کو راحت  پہنچانے کے بجائے زحمت اور پریشانی کا سبب بن گئے ہیں ۔ 
    
نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ ہی اسکول اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لئے اطمینان بخش بس سروس دستیاب نہ ہونا ایک سنگین اور پریشان کن مسئلہ ہے ۔ اور یہ مسئلہ پچھلے کچھ سال سے یونہی برقرار ہے ۔ 
    
حالانکہ ضلع بھر میں بھٹکل کی سرکاری بسوں کی سروس عمدگی کی  ایک مثال جیسی تھی، لیکن 2020 میں کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد سے یہ معاملہ الٹ گیا اور اب تک اس صورتحال میں سدھارنہیں آیا ہے ۔ کئی بار اس مسئلے کے خلاف آواز اٹھائی گئی ۔ ذمہ دار افسران کو طلبہ کی طرف سے متعدد مرتبہ میمورنڈم دئے گئے ۔ ضلع انچارج وزیر نے مختلف میٹنگوں میں سرکاری بسوں کی خستہ حالت اور غیر اطمینان بخش سروس پر سوال اٹھائے اور حکومت کی طرف سے فنڈ فراہم کرنے کے باوجود مسائل حل نہ ہونے پر افسران کو آڑے ہاتھوں لیا ۔     
    
معلوم ہوا ہے کہ  اس مرتبہ افسران نے سرکاری بس سروس میں بہتری لانے کی طرف کچھ اقدام کیا ہے ۔ بھٹکل بس ڈپو کے منیجر جناردھن دیواکر کا کہنا ہے کہ فی الحال طلبہ کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے دیہی علاقوں کے لئے 16 بسیں چلائی جا رہی ہیں ۔ البتہ مُنڈلی کے لئے جانے والی بسوں کو کم کرکے صرف 3 ٹرپ تک محدود کیا گیا ہے، جبکہ الوے کوڈی علاقے کے لئے صرف 6 مرتبہ بسیں دوڑیں گی ۔ بھٹکل، ہوناور، کمٹہ روٹ پر بھٹکل اور کمٹہ ڈپو کے تحت 19 بسیں چل رہی ہیں ۔ اس میں 8 بسیں روزانہ  3 مرتبہ کمٹہ جا کر واپس لوٹتی ہیں ۔ ضرورت پیش آنے پر ضروری انتظامات بھی کیے جاتے ہیں ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ سال 2024 میں بھٹکل بس ڈپو کو 16 نئی بسیں ملی تھیں ۔ اس کے بعد 2026 میں صرف دو نئی بسوں کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ مزید دو بسوں کی ضرورت ہے ۔ اس کے لئے تجویز بھیج دی گئی ہے ۔ یہاں پر 225 ڈرائیورز اور کنڈکٹرز اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ بسیں چلانے کے لئے ایسی کوئی رکاوٹ نہیں ہے ۔ بسوں کی کمی نہیں ہے، البتہ میکانکس کی کمی ہے ۔ اس سے بسوں کی دیکھ بھال  اور بہتر حالت  کی برقراری متاثر ہوتی ہے ۔ 
    
حقیقت یہ ہے کہ بھٹکل ڈپو میں ڈرائیورز اور کنڈکٹرز ضرورت کے مطابق دستیاب رہنے کے باوجود میکانکس کی بڑی کمی دیکھی گئی ہے ۔ یہاں پر ضرورت کے حساب سے 59 میکانکس رہنے چاہئیں ، مگر اس وقت صرف 20 میکانکس موجود ہیں ۔ حال ہی میں مرڈیشور میں ایک ایسی بس میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا جسے صرف چار لاکھ کلو میٹر ہی چلایا گیا تھا ۔ اس سے بسوں کی دیکھ ریکھ اور مرمت کے سلسلے میں اعتراضات سننے میں آئے تھے ۔


Share: