ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / دھارواڑ: جھیل میں نہانے گئے تین کمسن لڑکے ڈوب کر جاں بحق

دھارواڑ: جھیل میں نہانے گئے تین کمسن لڑکے ڈوب کر جاں بحق

Sun, 31 May 2026 11:05:38    S O News
دھارواڑ: جھیل میں نہانے گئے تین کمسن لڑکے ڈوب کر جاں بحق

دھارواڑ 31/مئی (ایس او نیوز): کرناٹک کے دھارواڑ ضلع میں شدید گرمی سے راحت حاصل کرنے کے لیے جھیل میں نہانے گئے تین کمسن لڑکے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ ہفتہ کو دھارواڑ تعلقہ کے سنگن ہلی گاؤں کے قریب واقع کریمّنا کیرے جھیل میں پیش آیا، جس کے بعد پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ 

ذرائع  کے مطابق جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سنگناہلی گاؤں کے رہائشی انور ابراہیم وٹنال (13)، سبحانی اسحاق باگوجی کوپا (12) اور محبوب سبحانی داداپیر وٹنال (15) کے طور پر کی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق علاقے میں گرمی کی شدت بڑھنے کے باعث تینوں لڑکے دوپہر کے وقت جھیل میں تیراکی اور نہانے کے لیے گئے تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ جھیل کے نسبتاً گہرے حصے میں چلے گئے اور پانی کی گہرائی کا صحیح اندازہ نہیں لگا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک لڑکا ڈوبنے لگا تو دوسرے اسے بچانے کے لیے آگے بڑھے، مگر دیکھتے ہی دیکھتے تینوں پانی میں غرق ہوگئے۔

گاؤں والوں کے مطابق جب لڑکے کافی دیر تک گھروں کو واپس نہیں پہنچے تو اہل خانہ کو تشویش ہوئی۔ بعد ازاں تلاش کے دوران ان کے جھیل میں ڈوبنے کی اطلاع سامنے آئی، جس کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی سینکڑوں دیہاتی جھیل کے کنارے جمع ہوگئے جبکہ متاثرہ خاندانوں کے افراد غم سے نڈھال ہوگئے۔

اطلاع ملتے ہی گرگ پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے اہلکار اور ضلعی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی دیہاتیوں کی مدد سے تینوں نعشوں کو جھیل سے باہر نکالا گیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا۔


Share: