ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ

بھٹکل سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ

Fri, 27 Nov 2026 12:06:28    S O News
بھٹکل سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کمی سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ

بھٹکل 27/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے تعلقہ سرکاری اسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور ضروری بنیادی سہولتوں کی کمی کے باعث مریضوں کو مختلف دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسپتال کے مسائل حل کرنے اور درکار طبی سہولتیں فراہم کرنے کے مطالبے کے ساتھ سماجی کارکن جاوید مکری کی قیادت میں ایک وفد نے اسسٹنٹ کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا۔

میمورنڈم میں بتایا گیا ہے کہ اسپتال میں تقریباً 30 نرسوں کی ضرورت ہے، تاہم فی الحال صرف 15 نرسیں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ عملے کی کمی کے باعث او پی ڈی میں انجکشن روم بند کردیا گیا ہے اور اب ایمرجنسی وارڈ میں ہی خواتین اور مردوں کو الگ انتظام کے بغیر انجکشن دیے جارہے ہیں، جس سے خواتین مریضوں کی پرائیویسی متاثر ہورہی ہے۔

وفد نے نشاندہی کی کہ گزشتہ تین برسوں سے اسپتال میں مستقل گائناکالوجسٹ  موجود نہیں ہے۔ اس کے علاوہ آرتھوپیڈک اسپیشلسٹ، ایمرجنسی آپریشن تھیٹر اور سی ٹی اسکین کی سہولت بھی دستیاب نہیں ہے۔ اس صورتحال کے باعث حادثات میں شدید زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے دور دراز کے اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑتا ہے۔

میمورنڈم میں مزید کہا گیا ہے کہ ادویات، لیبارٹری اور دیگر طبی و معاون عملے کی کمی سے بھی مریضوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ اسپتال میں ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی خالی اسامیوں کو فوری طور پر پُر کرنے کے ساتھ ضروری طبی آلات، ادویات اور بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔


Share: