ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دیویندر یادو کا دعویٰ: دہلی کے عوام کو کیجریوال کی بدعنوان حکومت سے نجات دلائیں گے

دیویندر یادو کا دعویٰ: دہلی کے عوام کو کیجریوال کی بدعنوان حکومت سے نجات دلائیں گے

Mon, 20 Jan 2025 12:01:51  Office Staff   S.O. News Service

 نئی دہلی    ، 20/ جنوری (ایس او نیوز/ایجنسی)دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور بادلی اسمبلی حلقہ سے کانگریس امیدوار دیویندر یادو نے اتوار کو اپنی انتخابی مہم کے دوران پانچ مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ انہوں نے دہلی میں گزشتہ گیارہ سالوں کے دوران کیجریوال حکومت کی بدعنوانی اور ناکام حکمرانی پر شدید تنقید کی۔ دیویندر یادو نے کہا کہ کیجریوال کی جھوٹے وعدوں اور غلط پالیسیوں کی وجہ سے دہلی کے لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، مگر 5 فروری کے بعد کانگریس حکومت قائم ہونے کے ساتھ ہی ان تمام مسائل کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

دیویندر یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت بننے کے بعد دہلی میں شیلا دکشت کے 15 سالہ دورِ حکومت جیسا ترقیاتی کام کیا جائے گا۔ انہوں نے صحت، خواتین اور نوجوانوں کے لیے خصوصی منصوبے پیش کیے، جن میں ہر دہلی والے کو 25 لاکھ کا صحت بیمہ، خواتین کو ماہانہ 2500 روپے اور نوجوانوں کو پہلی ملازمت تک 8500 روپے ماہانہ شامل ہیں۔

انہوں نے بادلی میں موجودہ ایم ایل اے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا۔ یادو نے کہا کہ وہ اپنے دور میں سیور لائن، راشن کارڈ اور پنشن جیسی سہولیات کے لیے لڑے، مگر موجودہ حکومت نے سب کچھ بند کر دیا۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ دوبارہ منتخب ہونے پر پانی کی قلت اور سیور کی مشکلات کو جڑ سے ختم کریں گے۔

دیویندر یادو نے ’مہنگائی مکتی یوجنا‘ کے تحت ہر ضرورت مند دہلی والے کو 500 روپے میں گیس سلنڈر اور راشن کٹ دینے کا اعلان کیا، جس میں چاول، چینی، دال، تیل اور چائے کی پتی شامل ہوگی۔ انہوں نے 300 یونٹ مفت بجلی دینے کی بات کی اور کیجریوال کے 200 یونٹ کے دھوکے کی نشاندہی کی، جس سے غریب طبقہ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ موجودہ ایم ایل اے سے پوچھیں کہ وہ پانچ سال کہاں تھے؟


Share: