
بھٹکل، 19 اپریل (ایس او نیوز): نیشنل ہائی وے پر پیدل چلتی خاتون سے دن دہاڑے سونے کا چین چھین کر فرار ہونے والے دو ملزمین کو چوبیس گھنٹے کے اندر پولس گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ اورچوری شدہ سونے کا چین، واردات میں استعمال شدہ موٹر سائیکل اور دو موبائل فون بھی برآمد کرلئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ 17 اپریل کو پیش آیا، جب 51 سالہ ناگما سوکرا موگیر، جو پیشے سے مچھلی فروش ہیں، مچھلی فروخت کرنے کے بعد دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے بس سے اُتر کر بستی مکّی، مرڈیشور میں واقع اپنے گھر کی طرف نیشنل ہائی وے پر پیدل جا رہی تھیں۔ اسی دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان اُن کے قریب پہنچے، اور پچھلی سیٹ پر بیٹھے شخص نے خاتون کے گلے سے زبردستی 26 گرام وزنی سونے کا منگل سوتر چھین لیا اور دونوں فرار ہوگئے۔ سونے کے منگل سوتر کی قیمت تقریباً 2.20 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولیس حرکت میں آگئی۔ ضلعی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم نارائن (آئی پی ایس)، ایڈیشنل ایس پی کرشنا مورتی اور جگدیش ایم، اور ڈی وائی ایس پی مہیش ایم (بھٹکل سب ڈویژن) کی ہدایت پر ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس کی قیادت مرڈیشور کے تھانہ انسپکٹر سنتوش کائکنی اور پی ایس آئی ہنومنت بیرادر نے کی۔جبکہ اگلے روز یعنی 18 اپریل کو پولیس نے فلمی انداز میں دونوں فرار شدہ ملزمین کو سرسی میں گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
ملزمین کی شناخت مہیش پرسپّا کُوری (عمر 26 سال) — ساکن لکشمیسور، ضلع گدگ اورمنی کنٹا ہنومنت شراہٹّی (عمر 22 سال) — ساکن آنند نگر، ہبلی کے طور پر کی گئی ہے۔
ضلع کے ایس پی نارائن ایم نے اس کارروائی میں شامل تمام افسران اور عملے کی ستائش کرتے ہوئے اُن کی کارکردگی کو سراہا ہے۔