
دھارواڑ 9/فروری (ایس او نیوز): سنیچر رات دھارواڑ کے کاراکوپاّ کے قریب پیش آئے ایک سڑک حادثہ میں ایک کروزر کار بے قابو ہو کر درخت سے ٹکراگئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص کی موت ہو گئی ، 13 دیگر شدید زخمی ہوگئے، جس میں تین کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ یہ لوگ کلکیری قصبہ میں قریبی رشتہ دار کے جنازے میں شریک ہونے کے لئے جارہے تھے جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ مہلوک خاتون کی شناخت شانتویا نیرلکٹّی (75) کی حیثیت سے کی گئی ہے جس نے کیمس اسپتال پہنچنے کے بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی دھارواڑ دیہی پولیس موقع پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے زخمیوں کو اسپتال پہنچایا۔ بتایا گیا ہے کہ بعض زخمیوں کو دھارواڑ ڈسٹرکٹ اسپتال اور تین شدید زخمیوں کو کیمس اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔