ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بُک مائی شو نے کُنال کامرا کا مواد ہٹایا، شیوسینا کے دباؤ پر کامیڈین کو فنکاروں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا

بُک مائی شو نے کُنال کامرا کا مواد ہٹایا، شیوسینا کے دباؤ پر کامیڈین کو فنکاروں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا

Sun, 06 Apr 2025 12:14:04    S O News

ممبئی، 6/اپریل (ایس او نیوز /ایجنسی)آن لائن ٹکٹنگ پلیٹ فارم ’بک مائی شو‘ کی جانب سے اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کمرا کو ہٹانے کا معاملہ سیاسی رنگ اختیار کرتا جا رہا ہے۔ شیو سینا (شندے گروپ) کے سوشل میڈیا انچارج راہل کنال نے دعویٰ کیا کہ پلیٹ فارم نے ان کے مطالبے پر کارروائی کرتے ہوئے کنال کمرا کا تمام مواد ہٹا دیا ہے۔ انہوں نے بک مائی شو کے سی ای او آشیش ہیم راجانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "انہوں نے اپنے پلیٹ فارم کو متنازعہ مواد سے پاک رکھا اور تفریح کو شفاف بنایا۔" اس فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کنال کمرا نے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ کیا وہ اب بھی اپنے شوز بک مائی شو پر لسٹ کر سکتے ہیں، اور ساتھ ہی کہا کہ "اگر جواب نہیں میں ہے تو بھی ٹھیک ہے، میں صورتحال کو سمجھتا ہوں۔"

این آئی کے مطابق، بدھ کو کنال نے ہیم راجانی کو خط لکھا تھا جس میں انہیں کامرا کو پلیٹ فارم سے ہٹانے کی اپیل کی گئی تھی۔کنال کے خط میں کامرا کو ایک ایسا فرد قرار دیا گیا، جو وزیر اعظم نریندر مودی، وزرائے اعلی اور نائب وزرائے اعلی کے خلاف ’’توہین اور بدنام کرنے کی مسلسل مہم‘‘ چلاتا ہے۔یہ اقدامات مزاح یا طنز سے کہیں آگے کی مجرمانہ سازش کا حصہ لگتے ہیں۔ تاہم بک مائی شو نے اب تک اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ ۲۳؍ مارچ کو کنال کامرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم یو ٹیوب پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا تھا، جس میں انہوں نے ایک ہندی فلم کے گانے کی طرز پر بظاہر ایکناتھ شندے پر تنقید کرتے ہوئے لفظ غدار کا استعمال کیا تھا، ساتھ ہی ۲۰۲۲ء میں مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کے خلاف بغاوت اور اس کے بعد کے سیاسی بحران کی طرف اشارہ کیا۔ تاہم، انہوں نے شندے کا نام نہیں لیا۔ کنال کامرا کے شو کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، شندے سینا کے کارکنان نے ممبئی کے کھار میں واقع اسٹوڈیو کو تباہ کر دیا، جہاں یہ شو ریکارڈکیا گیا تھا۔جس کے بعد پولیس نے راہل سمیت شیو سینا کارکنان کے خلاف تخریب کاری کا مقدمہ درج کر لیا۔

اگلے دن ممبئی پولیس نے کامرا کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کے تحت توہین اور عوامی ایذا رسانی  کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، کامیڈین نے اس معاملے میں پولیس کے تین سمن نظر انداز کیے ہیں، جن میں سنیچر کو جاری کیا گیا ایک بھی شامل ہے۔ دریں اثناء۲۸؍ مارچ کو، مدراس ہائی کورٹ نے کامرا کو۷؍ اپریل تک پیشگی ضمانت دے دی۔ جسٹس سندر موہن نے کہا کہ وہ ابتدائی طور پر مطمئن ہیں کہ کامرا مہاراشٹر کی عدالتوں میں پیشگی ضمانت کیلئے نہیں جا سکیں گے۔


Share: