ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بی ایم سی کی ہدایت: شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو پانی وافر مقدار میں پینے اور ہلکے کپڑے پہننے کا مشورہ

بی ایم سی کی ہدایت: شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے شہریوں کو پانی وافر مقدار میں پینے اور ہلکے کپڑے پہننے کا مشورہ

Wed, 12 Mar 2025 12:57:00    S O News

ممبئی،12/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)  شدید گرمی اور لو کی شدت کے پیش نظر، بی ایم سی کے ایمرجنسی مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے شہریوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ اس ہدایت میں کہا گیا ہے کہ شہری پیاس لگنے کے باوجود مناسب مقدار میں پانی پئیں، ہلکے، نرم اور پیلے رنگ کے ڈھیلے سوتی کپڑے پہنیں، دھوپ سے بچاؤ کیلئے چشمہ، چھتری، ٹوپی، اور جوتے یا چپل کا استعمال کریں، اور سفر کے دوران پانی اپنے ساتھ رکھیں۔

 برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی ) نے اپنی حدود میں گرم لہر کے دوران شہریوں کو کیا کرنا چاہئے؟اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے رہنما خطوط کے مطابق کیا نہیں کرنا چاہئے،  یہ ہدایات  تیارکی   ہیںاور شہریوں سے ان رہنما خطوط پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔واضح رہےکہ فی الحال ممبئی  اورریاست کے کچھ اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صورتحال۱۱؍مارچ تک جاری رہے گی۔ اسی طرح مارچ اور اپریل کے مہینوں میں بھی ایسے حالات کثرت سے پیش آ سکتے ہیں۔ گرمی کی متواتر لہروں کے پیش نظر شہریوں کو اس دوران کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں کرنا چاہئے ،اس بارے میں ہدایات جاری کی جا رہی ہیں۔

 میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی اور ایڈیشنل میونسپل کمشنرڈاکٹر امیت سینی نے آئندہ دنوں میں  گرمی کی ممکنہ لہر کا سامنا کرنے  اور ایسے حالات میں شہریوں کی صحت کی دیکھ بھال کیلئے ضروری اقدامات پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔

شہریوں سے اپیل: بی ایم سی ایمرجنسی مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ نے شہریوں سے ہدایات پر عمل کرنے کی درخواست کی ہے۔

 اگر آپ کو پیاس نہ لگے تو بھی کافی مقدار میں پانی پئیں، ہلکے، نرم اور پیلے رنگ کے ڈھیلے اور آرام دہ  سوتی کپڑے پہنیں، دھوپ میں نکلتے وقت چشمہ (سن گلاس)، چھتری، ٹوپی، جوتے یا چپل کا استعمال کریں، سفر کے دوران پانی اپنے ساتھ رکھیں، الکحل، چائے، کافی اور کاربونیٹیڈ مشروبات (کولڈ ڈرنکس) سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جسم میں پانی کم کرتے ہیں، زیادہ پروٹین والی غذاؤں سے پرہیز کریں اور باسی کھانا نہ کھائیں۔ اگر آپ باہر کام کر رہے ہیں تو ٹوپی یا چھتری استعمال کریں۔ اگر ممکن ہو تو اپنے سر اور چہرے کو ایک بڑے سوتی کپڑے سے ڈھانک لیں۔ اپنے سر، گردن اور چہرے پر بھی گیلے کپڑے کا استعمال کریں۔ بچوں یا پالتو جانوروں کو کھڑی  کی گئی گاڑیوں میں مت چھوڑیں۔ کمزوری یا بیمار محسوس ہونے پر فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ گھریلو مشروبات جیسے اور آر ایس  ، لسی، چاول کا پانی، لیموں پانی، چھاچھ اور ناریل پانی وغیرہ باقاعدگی سے پئیں۔ یہ جسم کو دوبارہ ہائیڈریٹ کرنے میں مدد کرتےہیں۔ • جانوروں کو سایہ میں رکھیں اور انہیں وافر مقدار میں پانی دیں۔ اپنے گھر کو ٹھنڈا رکھیں، پردے، شٹر یا سن شیڈز کا استعمال کریں اور رات کو کھڑکیاں کھلی چھوڑ دیں۔ • پنکھےکا استعمال کریںاور بار بار ٹھنڈے پانی سے غسل کریں۔

لُو کے شکار افراد کیلئے علاج کی ہدایات:   لُو لگنے سےمتاثر ہونےوالے شخص کو ٹھنڈی جگہ، سایہ کے نیچے رکھیں۔ اسے گیلے کپڑے سے پونچھیں، جسم کو بار بار دھوئیں۔ اپنے سر پر عام درجہ حرارت کا پانی ڈالیں۔ ایساکرنے سے جسم کا درجہ حرارت کم ہوتا ہے۔ اس شخص کواو آر ایس  پینے کیلئے دیں یا   لیموپانی،چاول کا پانی یا جو کچھ بھی جسم میں پانی کی مقدار کو متوازن کرنے کیلئے مفید ہو، وہ دیں۔ اس شخص کو فوری طور پر دواخانہ لے جائیں۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ ہیٹ اسٹروک (لُو) جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے اور اسے فوری طور پر اسپتال  داخل کرانے کی ضرورت ہے۔

 بی ایم سی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرمی کی لہر  سے بچنے کیلئے ان اقدامات اور ہدایات پر عمل کریں۔


Share: