پٹنہ ، 27/ مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) بہار کے چار بڑے شہروں پٹنہ، بہار شریف، بھاگلپور اور مظفر پور میں اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت جدید سی سی ٹی وی نگرانی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ان شہروں میں مجموعی طور پر 6138 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ جرائم کی روک تھام اور ٹریفک کے انتظام میں بہتری لائی جا سکے۔ اس نگرانی کے نظام کی مانیٹرنگ انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) کے ذریعے کی جا رہی ہے، جو نہ صرف مجرموں کی شناخت اور گرفتاری میں مددگار ثابت ہو رہا ہے، بلکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی مؤثر کارروائی کی جا رہی ہے۔
جو جانکاری سامنے آ رہی ہے، اس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اب تک کُل 141.85 کروڑ روپے کا چالان وصول کیا گیا ہے۔ اگر راجدھانی پٹنہ کی بات کی جائے تو اکتوبر 2024 سے مارچ 2025 کے درمیان 97.45 کروڑ روپے کا چالان وصول کیا گیا ہے، جب کہ بہار شریف میں اسی مدت میں 0.48 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ بھاگلوپور میں نومبر 2023 سے فروری 2025 تک 22.68 کروڑ روپے کا چالان وصول کیا جا چکا ہے۔ مظفر پور میں 2023 سے 11 مارچ 2025 تک کُل 21.24 کروڑ روپے کی وصولی کی گئی ہے۔
راجدھانی پٹنہ میں 3300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں، جس سے شہر کی ہر لمحے کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ 30 مقامات پر اڈاپٹیو ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی ایس)، 30 جگہوں پر ریڈ لائٹ جمپ، 28 مقامات پر نمبر پلیٹ ریکگنیشن سسٹم، 12 اسپیڈ وائلیشن ڈیٹیکشن (ایس وی ڈی) کیمرے لگائے گئے ہیں۔ شہر میں 16 ویری ایبل میسج ڈسپلے (وی ایم ڈی) اور 69 پبلک اناؤنسمنٹ (پی اے) نصب کیے گئے ہیں۔ ساتھ ہی اپریل 2023 سے دسمبر 2024 کے درمیان 85 کروڑ روپے کے چالان وصولی ہوئی ہے جو اس پروجیکٹ کی لاگت سے تین گنا زیادہ ہے۔
اگر بھاگلپور کی بات کریں تو یہاں 250 مقامات پر 1500 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جس سے چوری، قتل اور دیگر مجرمانہ معاملات کی تفتیش میں مدد ملی ہے۔ یہاں آئی سی سی سی اسکیم کے تحت نصب کیے گئے 1500 کیمروں کی مدد سے مجرموں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ 16 مقامات پر اے ٹی سی ایس نصب کیے گئے ہیں۔ 128 مقامات پر ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی، 128 نمبر پلیٹ ریکگنیشن سسٹم کے لیے اور 64 ایس وی ڈی کے لیے لگائے گئے ہیں۔
شہر میں 20 مقامات پر ایمرجنسی کال باکس کے ساتھ 17 وی ایم ڈی، 25 پی اے، اے کیو آئی ٹیسٹنگ اور آلودگی کی نگرانی کے لیے 5 انوائرمنٹل سینسر لگائے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت سال 24-2023 میں 22.68 کرور روپے کے چالان وصول کیے گئے ہیں، جس سے آمدنی میں 4 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ ساتھ ہی سال 25-2024 میں 18.26 کروڑ روپے کے چالان وصولی سے آمدنی میں 2.88 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
اگر بہار شریف کی بات کریں تو یہاں 494 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جس سے امن و امان قائم رکھنے اور عام شہریوں کی حفاظت میں بہتری آئی ہے۔ شہر میں 8 مقامات پر اے ٹی سی ایس، 9 مقامات پر ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی اور 9 مقامات پر نمبر پلیٹ ریکگنیشن سسٹم لگائے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ اے کیو آئی ٹیسٹنگ کے لیے 5 سینسر اور 10 ایمرجنسی کال باکس بھی نصب کیے گئے ہیں۔ شہر میں 7 وی ایم ڈی اور 15 پی اے لگائے گئے ہیں۔
مظفر پور میں 844 سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں، جن کے ذریعے جرائم اور ٹریفک کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ 29 مقامات پر اے ٹی سی ایس، 29 مقامات پر ریڈ لائٹ کی خلاف ورزی، 29 آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریکگنیشن سسٹم اور 27 ایس وی ڈی، 31 ایمرجنسی کال باکس، 31 وی ایم ڈی اور 10 پی اے نصب کیے گئے ہیں۔ اپریل 2023 سے مارچ 2025 تک 21.24 کروڑ روپے کے چالان کی وصولی کی گئی ہے، جو اس پروجیکٹ کی لاگت کا تقریباً چھٹا حصہ ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بہار حکومت نے گزشتہ 2 سالوں میں 141.85 کروڑ روپے کے چالان وصولے ہیں، جس سے صاف ظاہر ہوتا ہے سی سی ٹی وی نصب کرنے کا یہ قدم نہ صرف جرائم پر قابو پانے میں کارگر ثابت ہو رہا ہے بلکہ شہروں کو محفوظ اور زیادہ منظم بنانے میں بھی کامیاب ہو رہا ہے۔