بھٹکل 9/اگست (ایس او نیوز) : تعلقہ کے مرڈیشور میں 8 اور 9 اگست کی درمیانی شب پیش آئے چاقو کے حملے کے واقعہ میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے اس سلسلے میں تین ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔
یہ واقعہ قومی شاہراہ 66 کی سروس روڈ پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق گشت پر مامور کانسٹیبل وینائک شیٹی اور ہیڈ کانسٹیبل سنگپّا ہریجن کو مرڈیشور ناکہ کے قریب ہنگامہ آرائی کی اطلاع ملی، جس کے بعد دونوں موقع پر پہنچے۔

پولیس شکایت کے مطابق راجو نائک عرف کڈی راجو، ہیرتھیک نائک، مدن نائک، یوگیش نائک، درشن اور دیگر افراد مبینہ طور پر وہاں جمع ہوکر عوام کے لیے پریشانی کا سبب بن رہے تھے۔ اسی دوران ملزمین نے منوج نائک نامی شخص پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی، جس پر پولیس اہلکاروں نے مداخلت کی۔ اس دوران منوج نائک اور دونوں پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق مداخلت سے مشتعل ملزمین نے پولیس اہلکاروں کے سرکاری فرائض میں رکاوٹ ڈالی اور ان پر حملہ کردیا۔ ہیرتھیک نائک نے مبینہ طور پر چاقو سے کانسٹیبل وینائک شیٹی پر حملہ کیا، جبکہ راجو نائک نے ہیڈ کانسٹیبل سنگپّا ہریجن کو چاقو مار کر زخمی کردیا۔
شکایت کے مطابق حملے کے بعد ملزمین نے پولیس اہلکاروں کو مبینہ طور پر گالیاں دیں اور دوبارہ ان کے معاملے میں مداخلت کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس کے بعد وہ سفید رنگ کی کار میں سوار ہوکر موقع سے فرار ہوگئے۔

زخمی پولیس اہلکاروں اور منوج نائک کو مرڈیشور کے مقامی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، جس کے بعد دونوں پولیس اہلکاروں کو مزید علاج کے لیے اُڈپی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
واردات کی اطلاع ملتے ہی اُتر کنڑا کے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ دیپن ایم این کاروار سے مرڈیشور پولیس اسٹیشن پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمین کی گرفتاری کے لیے دو پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔
ساحل آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی دیپن نے بتایا کہ پولیس نے تین ملزمین، راجو نائک عرف کڈی راجو، اس کے بھائی ہیرتھیک نائک اور مدن نائک کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔