بھٹکل 17/نومبر (ایس او نیوز): مرڈیشور کے سیاحتی مقام کی حیثیت سے تیزی سے ترقی کے ساتھ اس کے مضافاتی علاقوں، خصوصاً کائکنی میں چوری اور مشتبہ افراد کی سرگرمیوں میں اضافے نے مقامی باشندوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔ گزشتہ دو تین برسوں کے دوران علاقے میں مکانات میں چوری کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں، جن میں لاکھوں روپے کے سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء لوٹ لی گئیں۔ بعض معاملات میں پولیس کو اب تک ملزمین کا سراغ لگانے میں کامیابی نہیں ملی ہے۔
اطلاعات کے مطابق، کائیکنی گرام پنچایت کے ہیراڈی اور اطراف کے علاقوں میں نامعلوم افراد کی مشتبہ نقل و حرکت دیکھی جارہی ہے۔ تقریباً دو ماہ قبل نصف شب کے وقت چند نامعلوم افراد نے ہیراڈی میں ایک مکان کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ گھر میں بچوں کے ساتھ موجود ایک عمر رسیدہ خاتون نے دروازہ نہیں کھولا، جس کے بعد مشتبہ افراد وہاں سے چلے گئے۔ اس واقعے کے بعد سے علاقے میں خوف کا ماحول ہے اور رات کے وقت خواتین اور بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے۔
گزشتہ جمعہ کو بھی نصف شب کے بعد ہیراڈی میں نامعلوم افراد کے ایک گروہ نے ایک دوسرے مکان کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کافی دیر تک دروازہ کھلنے کا انتظار کرتا رہا۔ تاہم، گھر میں اپنے دو بچوں کے ساتھ سوئی ہوئی خاتون نے دروازہ نہیں کھولا۔ اس دوران پانچ سے چھ افراد پر مشتمل ایک مشتبہ گروہ کی مکان کے کمپاؤنڈ کے قریب رات گئے نقل و حرکت پڑوسی مکان میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی۔
مکان کے مالک کرشنا نائک گزشتہ کئی برسوں سے حیدرآباد میں ہوٹل میں ملازمت کرتے ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ ہیما اپنے دو بچوں کے ساتھ گزشتہ ایک سال سے ہیراڈی میں تعمیر کردہ نئے مکان میں رہائش پذیر ہیں۔ گھر میں کسی مرد کے موجود نہ ہونے کی تصدیق کے بعد ڈکیتی کی کوشش کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ہیما نائک نے بتایا کہ اس رات دروازہ نہ کھولنے کی وجہ سے کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ رات کے وقت نیند کے دوران دروازہ کھٹکھٹانے کی آواز سنائی دی تھی، لیکن اس وقت انہوں نے اس پر زیادہ توجہ نہیں دی۔ تاہم، پڑوسی مکان کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج دیکھنے کے بعد انہیں تشویش لاحق ہوئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مرڈیشور پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
مرڈیشور میں حفاظتی انتظامات بڑھانے کا مطالبہ
عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام مرڈیشور آنے والے سیاحوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے اور ملک کی مختلف ریاستوں اور اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ یہاں پہنچتے ہیں۔ ایسے میں سیاحوں کے بھیس میں جرائم پیشہ عناصر کی آمد کے خدشات بھی ظاہر کیے جارہے ہیں۔
مقامی لوگوں نے بینگرے سے مرڈیشور، بائلور اور بستی مکی تک رات کے وقت شاہراہوں اور اطراف کے علاقوں میں مشتبہ نقل و حرکت پر نظر رکھنے، لاڈج، ریزورٹ اور ہوم اسٹے کی سرگرمیوں کی باقاعدہ جانچ کرنے اور بالخصوص کائکنی علاقے میں پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
مرڈیشور پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ہنومنت بیرادار نے بتایا کہ پیر سے کائکنی علاقے میں رات کے وقت پولیس اہلکاروں کو حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا ہے اور پولیس گشت میں بھی تیزی لائی جارہی ہے۔