منگلورو ، 17 / نومبر(ایس او نیو) وزیر صحت یو ٹی قادر کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے محکمہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز نے دکشن کنڑا ضلع کے نامزد فوڈ سیفٹی آفیسر ڈاکٹر پروین کمار سی ایچ کی قیادت میں قریبی علاقہ سورتکل میں کھانے پینے کے کئی مراکز پر اچانک چھاپے مارے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ان معائنوں کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں جنہوں نے سورج انٹرنیشنل ہوٹل، ’مور' ریٹیل آؤٹ لیٹ، ’بلنک‘ (Blinkit) آن لائن پلیٹ فارم، میکڈونلڈز ریسٹورنٹ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کرناٹک (NITK) سورتکل کے طلباء ہاسٹلز کو کھانا فراہم کرنے والے باورچی خانوں کا معائنہ کیا ۔
معائنوں کے دوران محکمہ کو سورج انٹرنیشنل ہوٹل میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات ملے ۔ اس تعلق سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ADC) کی عدالت میں مقدمہ درج کرنے کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ۔ اسی طرح سورتکل میں میکڈونلڈز کے کچن میں بھی صفائی کی خراب صورتحال پائے جانے پر اس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ۔
سورج انٹرنیشنل ہوٹل اور میکڈونلڈز سے کھانے کے نمونے اکٹھا کیے گئے اور انہیں جانچ کے لیے لیباریٹری بھیج دیا گیا ۔
ایک اور بڑی کارروائی کے دوران، محکمہ نے بائکمپاڈی انڈسٹریل ایریا میں واقع ’فارچیون انڈسٹریز‘ کا بھی معائنہ کیا جہاں ’چیز بال‘ (cheese ball) اسنیکس تیار کیے جاتے ہیں ۔ معائنے کے دوران مینوفیکچرنگ یونٹ کے اندر چوہوں کی موجودگی اور صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص حالات کا انکشاف ہوا۔ اس صورت حال کو ملاحظہ کرنے کے بعد مینوفیکچرنگ یونٹ کو سیل کر دیا گیا ۔
یہ معائنے محکمہ کی ان کوششوں کا حصہ تھے جن کا مقصد دکشن کنڑا ضلع بھر میں فوڈ سیفٹی ضوابط کو نافذ کرنا، صفائی کے معیارات کو برقرار رکھنا اور عوامی صحت کا تحفظ کرنا ہے ۔