بھٹکل، 20 مارچ (ایس او نیوز) – بھٹکل کے معروف سماجی کارکن اور سابق کونسلر جناب ارشاد ائیکری عرف ڈاٹا ارشاد دبئی جاتے ہوئے فلائٹ میں انتقال کرگئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔ ان کی عمر 67 سال تھی۔

بھٹکل مسلم جماعت مسقط کے سرگرم رکن جناب فوزان محتشم نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ اور دُختر کے ساتھ مینگلور سے ابوظبی جانے والی فلائٹ میں سوار تھے کہ راستے میں انہیں دل کا دورہ پڑا۔ صورتحال کے پیش نظر فلائٹ کو ہنگامی طور پر مسقط ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔
ذرائع کے مطابق، میت کو مسقط ایئرپورٹ کی کلینک لے جایا گیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ اور دُختر بھی مسقط ائرپورٹ میں ہی اُتر گئی ہیں۔
جناب ارشاد ائیکری، جو بھٹکل کے کارگیدے کے رہائشی تھے، علاقے کی ایک معروف شخصیت تھے۔ ان کی اہلیہ محترمہ فرحانہ ڈاٹا جالی پنچایت کی رکن ہیں اور اس سے قبل نائب صدر کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔
مرحوم کے ایک قریبی رشتہ دار نے بتایا کہ وہ دبئی میں مقیم اپنی دختر سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے اوربدھ رات تقریباً 11 بجے مینگلور سے ابوظبی جانے والی فلائٹ میں روانہ ہوئے تھے۔ تاہم، ابوظبی پہنچنے سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل یعنی جمعرات علی الصبح انہیں دل کا دورہ پڑا، جس کے بعد فلائٹ کو مسقط ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
اطلاع ملتے ہی مسقط میں موجود ان کے رشتہ دار سُہیل ائیکری سمیت بھٹکل مسلم جماعت کے جنرل سیکریٹری ابوالاعلیٰ محتشم، سرگرم رکن فوزان محتشم (کٹک) اور بدیع الزماں محتشم فوری طور پر ایئرپورٹ پہنچے۔ فوزان محتشم نے بتایا کہ میت فی الحال مسقط ایئرپورٹ کی کلینک میں موجود ہے اور اس کے حصول کے لیے ضروری کاغذی کارروائی جاری ہے۔