ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل: گڈلک روڈ، کارگیدے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم؛ سڑک و نالیوں کی خستہ حالی پر انتظامیہ کو وارننگ

بھٹکل: گڈلک روڈ، کارگیدے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم؛ سڑک و نالیوں کی خستہ حالی پر انتظامیہ کو وارننگ

Mon, 21 Apr 2025 18:06:27    S O News
بھٹکل: گڈلک روڈ، کارگیدے کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم؛ سڑک و نالیوں کی خستہ حالی پر انتظامیہ کو وارننگ

 بھٹکل  21 اپریل(ایس او نیوز):جالی پٹن پنچایت کے تحت آنے والے علاقے گڈلک روڈ، کارگیدے کے رہائشیوں نے پختہ سڑک اور مؤثر نکاسی آب کے نظام کی عدم موجودگی پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر کو ایک تفصیلی میمورنڈم پیش کیا ہے، جس میں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر فوری طور پر اس مسئلہ کو حل نہ کیا گیا تو علاقہ کے عوام احتجاج اور دھرنے کا راستہ اختیار کریں گے۔

میمورنڈم کے مطابق، وارڈ نمبر 6 میں واقع گڈلک روڈ فورتھ کراس پچھلے کئی سالوں سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ سڑک مکمل طور پر کچی ہے، جس کے باعث نہ صرف دو پہیہ گاڑیوں کے لئے چلنا مشکل ہوگیا ہے بلکہ اکثر حادثات بھی پیش آ رہے ہیں۔ آنے والے مانسون سیزن میں صورتحال مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے کیونکہ نالیوں کا نظام انتہائی ناقص ہے اور بارش کے دوران پانی گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔

رہائشیوں نے الزام لگایا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود نہ تو جالی پنچایت کے چیف آفسر نے توجہ دی اور نہ ہی متعلقہ کونسلرس نے عوامی مشکلات کو سنجیدگی سے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ نالیوں کی صفائی تو کبھی کبھار کی جاتی ہے، لیکن نکالے گئے کچرے کو وہیں چھوڑ دیا جاتا ہے، جو دوبارہ نالیوں میں جا گرتا ہے اور نتیجتاً پانی کا بہاؤ رک جاتا ہے۔ ایسے میں مانسون کے دوران پانی کا گھروں میں داخل ہونا یقینی ہے۔

goodluck-road-1

میمورنڈم میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسکولی بچوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے اسکول کی گاڑیاں اندر داخل نہیں ہوتیں، جس کی وجہ سے بچوں کو روزانہ لمبا فاصلہ طے کر کے مین روڈ تک جانا پڑتا ہے۔ کھلے یا ادھ کھلے نالے عوام، خاص کر بچوں اور بزرگوں کے لئے خطرناک بن چکے ہیں، جن میں رات کے وقت گرنے کے واقعات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ سڑک کنارے کوڑے کرکٹ کے انبار سے صحت سے متعلق خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔

رہائشی میراں رفیق، اماش جوباپو اور محمد جوباپو نے اسسٹنٹ کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں اور علاقہ میں سڑک و نالیوں کی مرمت کا کام ترجیحی بنیاد پر شروع کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسائل کا فوری حل نہ نکالا گیا تو علاقہ کے عوام جالی پنچایت دفتر کے سامنے دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔

click here for report in English


Share: