ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں عیدالفطر، یوگادی اور تیر ھبّا کے پیش نظر پیس میٹنگ؛ نیشنل ہائی وے کی خستہ حالی پر بلند ہوئی آواز

بھٹکل میں عیدالفطر، یوگادی اور تیر ھبّا کے پیش نظر پیس میٹنگ؛ نیشنل ہائی وے کی خستہ حالی پر بلند ہوئی آواز

Sun, 30 Mar 2025 00:29:23    S O News
بھٹکل میں عیدالفطر، یوگادی اور تیر ھبّا کے پیش نظر پیس میٹنگ؛ نیشنل ہائی وے کی خستہ حالی پر بلند ہوئی آواز

بھٹکل، 29 مارچ (ایس او نیوز) عید الفطر، یوگادی تہوار اور تیر ھبّا کے پیش نظر بھٹکل تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے سنیچر کو ایک امن اجلاس (پیس میٹنگ) منعقد کیا گیا، جس کی صدارت انچارج اسسٹنٹ کمشنر دیویا رانی نے کی۔ اجلاس میں مختلف مذاہب کے نمائندوں، پولیس افسران اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تہوار ہر سال منائے جاتے ہیں، اور بھٹکل میں ہمیشہ سے مختلف مذاہب کے لوگ اپنے اپنے تہوار امن و سکون کے ساتھ مناتے آئے ہیں۔ تاہم، اس وقت عوام کو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل ہائی وے کے ادھورے اور غیر معیاری تعمیراتی کام سے درپیش ہے، جس کی وجہ سے آئے دن حادثات پیش آ رہے ہیں۔

پیِس میٹنگ میں مسلمانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے صدرعنایت اللہ شاہ بندری نے جب نیشنل ہائی وے کی بات اُٹھائی تو غیر مسلم لیڈران نے بھی ان کی آواز سے آواز ملاتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہائی وے کے نامکمل کام کی طرف توجہ دے۔ عنایت اللہ شاہ بندری نے کہا کہ "نیشنل ہائی وے کے نامکمل کام کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، لوگ زخمی ہو رہے ہیں، لیکن افسوس کہ انتظامیہ نے اس معاملے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔" غیر مسلم رہنماؤں نے بھی اس مسئلے کی تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ نیشنل ہائی وے کے نامکمل کام کو فوری مکمل کیا جائے اور ہائی وے کو لے کر عوام جن مسائل کی طرف عوام  توجہ دلارہے ہیں، اُن مسائل کے تدارک کی طرف توجہ دی جائے۔دونوں برادریوں کے نمائندوں نے اتفاق کیا کہ وہ اپنے اپنے تہوار روایتی انداز میں پورے امن و سکون کے ساتھ منائیں گے، اور ان مواقع پر کسی بھی قسم کے تنازعے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

پولیس کی جانب سے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل
بھٹکل ڈی وائی ایس پی مسٹر مہیش کے پی نے تمام رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ  کل 30 مارچ  اتوار کو یوگادی کا تہوار منایا جائے گا، اس کے بعد چاند نظر آنے کی صورت میں پیر کو عید الفطر ہوگی، اور چند دن بعد تیر ھبّا  بھی آ رہا ہے۔ ہم تمام مذاہب کے رہنماؤں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ امن و شانتی کے ساتھ اپنے اپنے تہوار منائیں۔"

عید اور تیر ھبّا کے روایتی طریقے
میونسپل کونسل کے انچارج صدر محی الدین الطاف کھروری نے واضح کیا کہ "عید الفطر کی نماز صبح 6:40 بجے جامع مسجد سے عیدگاہ کے لیے روانہ ہونے والے جلوس کے ساتھ ادا کی جائے گی، جہاں خطبہ ہوگا اور ایک گھنٹے کے اندر تمام افراد اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔"

تیرھبّا کے تعلق سے نامدھاری کمیونٹی کے رہنما مسٹر ایم آر نائک اور آٹو رکشہ ڈرائیور یونین صدر وینکٹیش نائک نے کہا کہ "یہ تہوار صدیوں سے ہندو مسلم بھائی چارے کی علامت رہا ہے۔ انگریزوں کے زمانے میں جب تیر ھبّا  پر پابندی لگانے کی کوشش کی گئی، تو چرکن شاہ بندری خاندان نے آگے بڑھ کر گارنٹی دی اور اُس دور میں 500 روپے کی بہت بڑی رقم جمع کرا کر اس تہوار کے انعقاد کی اجازت حاصل کی۔ تب سے ہم ہمیشہ بینڈ باجے کے ساتھ متعلقہ مسلم خاندان کے گھر جا کر مٹھائیاں تقسیم کرتے ہیں اور انہیں تہوار میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔"

انتظامیہ کی یقین دہانی
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تہواروں کے دوران بجلی کی فراہمی میں کسی قسم کا خلل نہ آئے۔ ہیسکام کے اسسٹنٹ انجینئر منجوناتھ کو ہدایت دی گئی کہ وہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، جبکہ میونسپالٹی چیف آفیسر وینکٹیش ناوڈا کو ہدایت دی گئی کہ عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کا مکمل اور مؤثر انتظام کیا جائے۔

سرسی کی اسسٹنٹ کمشنر دیویا رانی، جو بھٹکل کی بھی ذمہ داری سنبھال رہی ہیں، نے اجلاس میں پیش کیے گئے تمام مسائل کو نوٹ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ نیشنل ہائی وے کے نامکمل کام کی جلد از جلد تکمیل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اجلاس میں تحصیلدار ناگیندرا شٹّی، سرکل پولیس انسپکٹر سنتوش کائیکنی، پی ایس آئی نوین نائک سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔

اجلاس میں دونوں کمیونٹیز کے لیڈران موجود تھے، بالخصوص تنظیم جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی، جیلانی شاہ بندری، کونسلرعبدالروف نائطے، ایس ایم پرویز، منیر بھائی کے علاوہ نامدھاری سماج کے صدر ارون نائک، شری چنّ پٹن مندر انتظامیہ کے صدر شری دھر موگیر سمیت دیگر لیڈران شریدھر نائک، شانتارام وغیرہ نے بھی شرکت کی۔ میٹنگ خوش اسلوبی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Click here for more photos

Click here to watch meeting video

Click here for report in English


Share: