
بھٹکل، 19 اپریل (ایس او نیوز): مرڈیشور نیشنل ہائی وے 66 پر ایک افسوسناک سڑک حادثے میں 24 سالہ بائک سوار نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ حادثہ ہفتہ کی صبح تقریباً پونے چھ بجے پیش آیا، جب بائک سوار نے پیچھے سے ایک لاری کو ٹکر مار دی۔
مہلوک کی شناخت ملپّا رمیش چلواڈی کی حیثیت سے کی گئی ہے، جو ضلع باگل کوٹ کے اِلکل کا رہائشی تھا اور حالیہ دنوں میں مینگلور ایئرپورٹ روڈ کے قریب مقیم تھا۔
ذرائع کے مطابق، لاری اور بائک دونوں ہی ہوناور سے مینگلور کی جانب جارہے تھے۔ مرڈیشور کے پٹرول پمپ کے قریب اچانک لاری نے اپنی رفتار کم کی، جس کے نتیجے میں پیچھے سے آنے والا بائک سوار بروقت بریک نہ لگا سکا اور لاری سے زور دار ٹکر ہوگئی، جس کے سبب وہ موقع پر ہی دم توڑ بیٹھا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مرڈیشور پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کیا، اور کیس درج کرتے ہوئے چھان بین شروع کردی ہے۔