ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / کرناٹک سے حج پروازوں کا آغاز، وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حج کیمپ کا افتتاح کیا؛ منگلورو میں 16 مئی کو حج بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا

کرناٹک سے حج پروازوں کا آغاز، وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حج کیمپ کا افتتاح کیا؛ منگلورو میں 16 مئی کو حج بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا

Thu, 01 May 2025 13:54:31    S O News
کرناٹک سے حج پروازوں کا آغاز، وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حج کیمپ کا افتتاح کیا؛ منگلورو میں 16 مئی کو حج بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا

بنگلورو، یکم مئی (ایس او نیوز )  کرناٹک سے حج بیت اللہ کے لیے عازمین کی روانگی کا باضابطہ آغاز بنگلورو کے حج بھون سے ہو گیا۔ پیر کی شام منعقد افتتاحی جلسے میں وزیر اعلیٰ سدارامیا نے حج کیمپ کا افتتاح کیا اور تمام عازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کرناٹک امن و بھائی چارے کا گہوارہ ہے، اور ریاستی حکومت تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں حقوق دینے کی پابند ہے۔ انہوں نے موجودہ سیاسی و سماجی ماحول میں نفرت کے فروغ پر تشویش ظاہر کی اور مسلمانوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا عزم دہرایا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ بنگلورو کے حج بھون کی توسیع کے لیے 10 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں جبکہ 16 مئی کو منگلورو اور گلبرگہ میں نئے حج بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

اس موقع پر مختلف وزراء اور رہنماؤں نے عازمین کو سفر حج کے لیے نصیحتیں کیں اور ملک و ریاست کی سلامتی، ترقی اور بھائی چارے کے لیے دعا کرنے کی اپیل کی۔ مفتی مقصود عمران رشادی نے پہلگام حملے کی مذمت کی جبکہ ڈاکٹر سید نصیر حسین نے وقف ترمیمی بل کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے دعا کی گزارش کی۔

ریاستی وزیر ضمیر احمد خان نے بتایا کہ حج بھون کو سال بھر فعال رکھنے کے لیے مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کا مرکز قائم کیا گیا ہے، جس سے اب تک 102 امیدوار منتخب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے اقلیتوں کے لیے 4500 کروڑ روپے مختص کیے جانے کو حکومت کی سیکولر سوچ کا مظہر قرار دیا۔

کرناٹکا اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین ذوالفقار احمد خان ٹیپو نے بتایا کہ اس سال 11,007 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے تقریباً 2600 منسوخ ہوئیں، اور باقی تمام عازمین حج کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ 29 اپریل سے 15 مئی کے دوران 270 پروازوں کے ذریعے 8635 عازمین ارض مقدس روانہ ہوں گے، جن میں 832 کا تعلق کلیان کرناٹک سے ہے۔


Share: