ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / بنگلورو: کلینیکل ٹرائل کے دوران شخص کی ہلاکت، پولیس معاملے کی چھان بین میں مصروف

بنگلورو: کلینیکل ٹرائل کے دوران شخص کی ہلاکت، پولیس معاملے کی چھان بین میں مصروف

Sun, 26 Jan 2025 11:15:14  Office Staff   S.O. News Service

  بنگلورو ، 26/جنوری (ایس او نیوز /ایجنسی)بنگلورو میں کلینیکل ٹرائل کے دوران ایک شخص کی موت کا واقعہ پیش آیا۔ یہ ٹرائل ’سنجین انٹرنیشنل‘ کے ذریعے انجام دیا جا رہا تھا۔ مرنے والے شخص کی شناخت ناگیش ویرنا کے طور پر ہوئی ہے۔ متوفی کے بھائی ریونا سدپا نے الزام عائد کیا ہے کہ ناگیش کی موت کلینیکل ٹرائل کے دوران دی گئی ادویات کے مضر اثرات کی وجہ سے ہوئی۔ ریونا کا کہنا ہے کہ ٹرائل سے پہلے ناگیش بالکل صحت مند تھا اور اسے کسی قسم کی بیماری کا سامنا نہیں تھا۔ دسمبر میں ناگیش کی حالت بگڑنے پر اسے ایک نجی اسپتال کے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا تھا۔ بھائی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ کمپنی نے اس وقت اسپتال لے جانے کے لیے ان سے رابطہ کیا تھا۔

متوفی کے بھائی کے مطابق ناگیش کو ٹیسٹ کے بعد دوائیاں لینے سے شدید پیٹ درد ہوا تھا جس میں ٹیبلیٹس اور انجیکشن شامل تھے۔ منگل (21 جنوری) کی رات کو دونوں بھائیوں نے ساتھ میں کھانا کھایا اور سونے چلے گئے۔ بدھ (22 جنوری) کی صبح جب ریونا سِدپّا نے ناگیش کو جگانے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ وہ پہلے سے ہی بیہوش ہے۔ متوفی کے بھائی نے فوراً ’آر اینڈ ڈی فرم‘ کے ڈاکٹر سے رابطہ کیا جنہوں نے ناگیش کو اسی اسپتال میں لے جانے کی صلاح دی جہاں ان کا پہلے علاج ہوا تھا۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔

قابل ذکر ہے کہ جلاہلی پولیس نے اس معاملے کو فی الحال ’غیر فطری موت‘ کے طور پر درج کیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ وہیں ’سنجین انٹرنیشنل‘ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے سوگوار اہل خانہ کے تئیں اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ ’’ہمارے ذریعہ کیے گئے فارماکوکینیٹکس اسٹڈی میں حصہ لینے والے شخص کی اچانک موت ہو گئی ہے۔ ہم سبھی کلینیکل ٹرائل پروٹوکول پر عمل کر رہے ہیں اور واقعہ کے متعلق افسران کو رپورٹ کر دیا ہے۔ ہم اہل خانہ اور تحقیقات کر رہے افسران کو مکمل تعاون دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘


Share: