نئی دہلی ، 8/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی)بین الاقوامی یوم خواتین کے موقع پر عام آدمی پارٹی کی رہنما آتشی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے استفسار کیا کہ دہلی کی خواتین کے بینک اکاؤنٹس میں 2500 روپے کی امدادی رقم کب ٹرانسفر کی جائے گی؟ آتشی نے کہا کہ خواتین بے چینی سے بینک کی اطلاع کا انتظار کر رہی ہیں، مگر ابھی تک کسی کے اکاؤنٹ میں رقم نہیں پہنچی، جس سے ان میں مایوسی پائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم نریندر مودی نے وعدہ کیا تھا کہ 8 مارچ کو دہلی کی تمام خواتین کے بینک اکاؤنٹس میں 2500 روپے بھیجے جائیں گے۔ انہوں نے خواتین سے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اپنے بینک اکاؤنٹس کو موبائل نمبر سے لنک کر لیں تاکہ انہیں فوری طور پر اطلاع مل سکے، لیکن آج خواتین انتظار کر رہی ہیں اور پیسہ کہیں نظر نہیں آ رہا۔‘‘
عام آدمی پارٹی کی رہنما نے وزیر اعظم پر طنز کرتے ہوئے کہا، ’’مجھے امید ہے کہ مودی جی کی گارنٹی صرف ایک جملہ ثابت نہیں ہوگی اور دہلی کی لاکھوں خواتین کے اکاؤنٹ میں آج ہی رقم منتقل ہو جائے گی۔‘‘
عام آدمی پارٹی نے بی جے پی اور مرکزی حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلی بار نہیں ہے جب بی جے پی نے کوئی وعدہ کیا ہو اور اسے پورا نہ کیا ہو۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے محض انتخابی حربے ہوتے ہیں، جنہیں بعد میں فراموش کر دیا جاتا ہے۔
'عآپ' کے رہنماؤں نے یاد دلایا کہ بی جے پی نے اپنے منشور میں اور وزیر اعظم نے عوامی جلسوں میں اعلان کیا تھا کہ دہلی کی خواتین کو 8 مارچ کو 2500 روپے کی امداد دی جائے گی، لیکن اب حکومت خاموش ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اس معاملے پر وزیر اعظم اور بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو گمراہ کرنے کی سیاست زیادہ دن نہیں چلے گی۔