ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ‘مودی حکومت صرف زبانی تحفظ، عملی اقدامات میں ناکام’ – کانگریس لیڈر الکا لامبا کا حکومت پر سنگین الزام، آسٹریلیا کے واقعات کے حوالے سے خصوصی تبصرہ

‘مودی حکومت صرف زبانی تحفظ، عملی اقدامات میں ناکام’ – کانگریس لیڈر الکا لامبا کا حکومت پر سنگین الزام، آسٹریلیا کے واقعات کے حوالے سے خصوصی تبصرہ

Wed, 12 Mar 2025 13:14:40    S O News

نئی دہلی ،12/مارچ (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس نے مودی حکومت پر سخت الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ بیٹیوں کے تحفظ کی صرف بات کرتی ہے مگر عملی طور پر کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھاتی۔ مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا نے پارٹی ہیڈکوارٹرز میں میڈیا کے سامنے کہا کہ حکومت ہمیشہ خواتین کے خلاف مظالم سے متعلق سوالات سے کتراتی ہے اور اپنے لوگوں پر موجود داغ مٹانے کی کوشش کرتی ہے۔ انہوں نے آسٹریلیا میں گرفتار ایک فرد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مودی کے ساتھ ان کی متعدد تصاویر منظر عام پر آئیں ہیں۔ الکا لامبا نے کہا، "ہم وزیراعظم مودی سے پوچھتے ہیں کہ ان کی جتنی تصاویر اس فرد کے ساتھ ہیں، کیا وہ انصاف کی التجا کرنے والی خواتین کے ساتھ بھی اتنی ہیں؟ ان کے پاس جنگل سفاری کا وقت ہے، لیکن منی پور کے مسائل حل کرنے کا وقت نہیں ہے۔ ملک میں پارلیمنٹ کا اجلاس جاری ہے، مگر وہ بیرون ملک سیاحت پر چلے گئے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کو بالیش دھنکر کے معاملے پر جواب دینا پڑے گا، اور یہ پہلا ایسا واقعہ نہیں بلکہ ایسے کئی معاملات پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔

مہیلا کانگریس کی صدر نے کہا کہ ’’ماس ریپسٹ پرجول ریونا جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہےکیونکہ کرناٹک میں کانگریس کی حکومت ہے۔ بی جے پی کے سابق ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف دہلی پولیس کارروائی نہیں کر رہی ہے کیونکہ بی جے پی اس پر دباؤ ڈال رہی ہے۔ گجرات میں بی جے پی کا ایک وزیر دلت خاتون کی عصمت دری کرتا ہے، لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بالآخر ہائی کورٹ کے حکم کے بعد اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاتی ہے۔ گجرات، ہریانہ اور کرناٹک کی بیٹیاں اور خواتین وزیراعظم مودی سے انصاف مانگ رہی ہیں لیکن وہ خاموش ہیں۔ ‘‘

انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ بالیش دھنکر وہی آدمی ہے جو مودی کے آسٹریلیا کے دوروں کا انتظام کرتا رہا۔ اس کا مطلب ہے کہ مودی بالیش دھنکر کے بارے میں سب کچھ جانتے تھے، پھر بھی خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنسی ہراسانی اور عصمت دری کے جن معاملات میں بھی بی جے پی لیڈروں کے ملوث ہونے کے الزام لگتے ہیں جے پی کے لیڈران اُن کو بچاتے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ ایک دن قبل راجدھانی دہلی میں مرکزی حکومت پر الزام عائدکرتے ہوئے کہ خواتین کے ساتھ انصاف کے معاملے میں وہ بری طرح ناکام ہے، الکا لامبا نے اپنی پارٹی کے ساتھ زبردست احتجاج کیاتھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ ملک میں نصف آبادی کے ساتھ مودی حکومت انصاف نہیں کر پا رہی ہے اور ان کی آواز کو دبابھی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ خواتین ریزرویشن بل کو نافذ نہیں کیا جا رہا ہے، اسلئے مہیلا کانگریس کی کارکنان ملک کی خواتین کے مفادات کی لڑائی لڑنے کیلئے اب سڑکوں پر احتجاج کر رہی ہیں۔ پیر کو دہلی میں جنتر منتر پر منعقدہ ’سنسد کا گھیراؤ‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے الکا لامبا نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بیٹیوں کے ساتھ مسلسل جرائم ہو رہے ہیں۔ مظلوم خواتین کی آواز نہیں سنی جا رہی ہے لیکن کانگریس مظالم کا شکار خواتین کی آواز بنے گی اور مرکز کی آمرانہ حکومت کے خلاف آواز اٹھائے گی۔

اس موقع پرالکا لامبا نے کہا کہ خواتین کو پارلیمنٹ اور اسمبلیوں میں ۳۳؍ فیصد ریزرویشن فراہم کرنے کیلئے پارلیمنٹ میں ویمن ریزرویشن بل پاس کیا گیا نیز کانگریس اور انڈیا گروپ نے پہلے ہی اس بل کو پاس کرادیا، لیکن حکومت اس پر عمل درآمد نہیں کر رہی ہے۔ اس بل کو روک دیا گیا ہے اور اس کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالنے کی خاطر مہیلا کانگریس کارکنان تحریک چلا کر ایک مہم شروع کر رہی ہیں۔ 


Share: