ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی گریجویٹ حلقے کے انتخابات میں بھٹکل میں 66 فیصد سمیت ضلع اُتر کنڑا میں 76.52 فیصد پولنگ

مغربی گریجویٹ حلقے کے انتخابات میں بھٹکل میں 66 فیصد سمیت ضلع اُتر کنڑا میں 76.52 فیصد پولنگ

Fri, 23 Oct 2026 19:34:04    S O News
مغربی گریجویٹ حلقے کے انتخابات میں بھٹکل میں 66 فیصد سمیت ضلع اُتر کنڑا میں 76.52 فیصد پولنگ

بھٹکل 23/ اکتوبر (ایس او نیوز): کرناٹک قانون ساز کونسل کے ویسٹ گریجویٹ حلقے کے انتخابات میں جمعہ کی صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوئی ووٹنگ کے دوران ضلع اُترکنڑا میں مجموعی طور پر 76.52 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی، جبکہ ضلع کے تعلقہ بھٹکل میں 66.02 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ ضلع میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی اور انتخابی عمل پُرامن طور پر مکمل ہوا۔

صبح سے ہی رائے دہندگان نے گرمی سے بچنے کے لیے پولنگ مراکز پر قطاریں لگائیں اور اپنی باری آنے پر پُرامن طور پر حقِ رائے دہی کا استعمال کیا۔

کاروار کے سینٹ مائیکل اسکول میں قائم پولنگ مرکز پر ڈپٹی کمشنر کے۔ لکشمی پریا، ضلع پنچایت کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر دلیش ششی، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس دیپن ایم این، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساجد ملا، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرشنامورتی اور تحصیلدار نِشچل نارونہا نے بھی عام رائے دہندگان کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوکر اپنے ووٹ ڈالے۔

bhatkal-polling-11.jpg
bhatkal-polling-12.jpg

بھٹکل تعلقہ میں منی ودھان سودھا میں پولنگ کا انتظام کیا گیا تھا۔ تعلقہ کے جملہ 1,136 رجسٹرڈ ووٹروں میں سے 750 نے اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا، جس کے ساتھ یہاں 66.02 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ انتخابی عمل اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرشنامورتی نے بھی کاروار سے بھٹکل پہنچ کر پولنگ مرکز کا معائنہ کیا۔

ویسٹ گریجویٹ حلقے میں ضلع اُتر کنڑا کے علاوہ دھارواڑ، گدگ اور ہاویری اضلاع بھی شامل ہیں۔ اس حلقے سے جملہ 14 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جن میں کانگریس کے موہن لمبیکائی اور بی جے پی کے ایس وی سنکنور شامل ہیں۔

Click here for report in English


Share: