ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / سعودی عربیہ نے منیٰ میں پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز ژون کیا منسوخ - 52 ہزار حاجیوں کے لئے پیدا ہوا سنگین مسئلہ

سعودی عربیہ نے منیٰ میں پرائیویٹ حج ٹور آپریٹرز ژون کیا منسوخ - 52 ہزار حاجیوں کے لئے پیدا ہوا سنگین مسئلہ

Sat, 22 Mar 2025 14:41:41    S O News

ممبئی، 22 / مارچ (ایس او نیوز) مشہور اخبار ٹائمز آف انڈیا میں شائع ایک خبر کے مطابق پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کے سفر پر جانے والے 52 ہزار سے زیادہ زائرین کے لئے ایک سنگین مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے کیونکہ سعوی وزارت حج و عمرہ نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے لئے منیٰ میں مختص کیے گئے ژونس کو منسوخ کر دیا ہے ۔ 
    
پرائیویٹ ٹور آپریٹرز (PTOs) کو جنہیں سرکاری طور پر کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزرز (CHGOs) کے طور پر جانا جاتا ہے ، منیٰ میں تین دن تک حاجیوں کے قیام کے لئے مختلف ژونس مختص کیے جاتے ہیں ۔ اب خبر ملی ہے کہ سعودی حکام نے اس سے پہلے انڈیا سے 52 ہزار سے زیادہ زائرین کو لے جانے والے 26 کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزرس کے لئے مختص کردہ  ژون نمبر 1 اور 2 کو منسوخ کر دیا ہے جبکہ تین چار اور پانچ نمبر ژون کے لئے رقم کی ادائیگی اور دیگر کاغذی کارروائی روک دی گئی ہے ۔ اس سے ٹور آپریٹرز اور زائرین کے منصوبے الٹ پلٹ ہو جانے کا خطرہ منڈلانے لگا ہے ۔
    
خیال رہے کہ امسال جون کے پہلے ہفتے میں حج کا فریضہ ادا کیا جائے گا ۔ منیٰ میں قیام کے لئے ژونس کا تعین جمرات سے دوری کے فاصلے  پر منحصر ہوتا ہے ۔ حج کے لئے ہندوستان سے 1.75 لاکھ زائرین کا کوٹہ ہوتا ہے ۔ اس میں سے 52,500 زائرین پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے روانہ ہونے والے ہیں، جبکہ بقیہ زائرین حج کمیٹی کے ذریعے سفر کریں گے ۔
    
پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا کہنا ہے کہ حج و عمرہ کی خدمات فراہم کرنے والے سعودی حکومت کے ایپ نسک کو ایکٹیویٹ کیے بغیر کوئی بھی کارروائی انجام دینا ممکن نہیں ہے ۔ جس کا دوسرا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ امسال پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج ادا کرنے کا معاملہ سرے سے منسوخ بھی ہو سکتا ہے ۔
    
پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کا کہنا ہے کہ "اقلیتی امور کے مرکزی وزیر کرن ریجیجو نے بڑی کوشش کرکے اب تک کے سب سے بہترین ژونس حاصل کیے تھے ۔ مگر منسوخ شدہ ژونس کو بحال نہ کرنے کی صورت میں اب سارے منصوبے اتھل پتھل ہو جائیں گے ۔"
    
وزارت اقلیتی امور کے ایک سینئر آفیسر کے مطابق پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کی طرف سے رقم کی ادائیگی  میں تاخیر ہونے کی وجہ سے سعودی حکام نے نمبر ایک اور دو ژون کو منسوخ کیا ہے ۔ جبکہ کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ ادائیگی میں تاخیر اس لئے ہوئی کیونکہ نسک سے منسلک انٹرنیشنل بینک اکاونٹ نمبر ایکٹیو نہیں تھا ۔ اس کی وجہ سے براہ راست نسک کے ویلیٹ میں رقم بھیجنا ممکن نہیں ہوا ۔ جس کے بعد ٹور آپریٹرز کو حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط رقم روانہ کرنے کے لئے کہا گیا ۔"
    
ایک دوسرے گروپ آرگنائزر نے بتایا کہ ہم نے حج کمیٹی کے توسط سے یا براہ راست انٹرنیشنل بینک اکاونٹ میں جو رقم جمع کی وہ لین دین ظاہر نہیں ہو رہا تھا ۔ اگر انٹرنیشنل بینک اکاونٹ نمبر بروقت ایکٹیو ہوتا تو یہ مسئلہ کھڑا نہیں ہوتا ۔"
    
گروپ آرگنائزرز کا الزام ہے کہ جدہ میں موجود قونصل جنرل آف انڈیا، ہندوستان کی وزارت اقلیتی امور اور سعودی عربیہ کی وزارت حج و عمرہ کے بیچ پوری طرح تال میل نہ ہونے کی وجہ سے یہ جھمیلا ہو گیا ہے ۔     


Share: