
مہو/اندور ، 10 /مارچ ( پی ٹی آئی/ایس او نیوز) مدھیہ پردیش کے مہو شہر میں اتوار کی رات آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہندوستان کی جیتنے کی خوشی میں نکالی گئی ریلی پر پتھراؤ کے بعد ہونے والے پرتشدد جھڑپوں کے سلسلے میں 13 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام نے پیر کو اس کی تصدیق کی۔
اندور کے کلیکٹر آشیش سنگھ کے مطابق، اس واقعے میں چار افراد زخمی ہوئے، جبکہ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں تشدد کے پانچ واقعات درج کیے ہیں۔ مشتعل ہجوم نے تین کاروں اور متعدد دو پہیہ گاڑیوں پر حملہ کرکے انہیں آگ کے حوالے کر دیا۔
کلیکٹر نے بتایا کہ پولیس نے مہو میں آتش زنی اور تشدد میں ملوث 13 افراد کو گرفتار کیا ہے اور اس وقت حالات قابو میں ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور علاقے میں امن بحال کرنے کی کوششیں کیں۔
اب تک 13 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے، جبکہ بعض افراد کے خلاف سخت قومی سلامتی ایکٹ (NSA) کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ مزید ایف آئی آرز بھی درج کی جائیں گی، کیونکہ عینی شاہدین کے بیانات اور ویڈیوز کی جانچ جاری ہے۔
کلیکٹر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ افواہیں یا اشتعال انگیز پیغامات سوشل میڈیا پر نہ پھیلائیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ واقعہ ایک مسجد کے قریب اس وقت پیش آیا جب جشن میں نکالی گئی ایک ریلی کے شرکاء کی دوسرے گروپ سے تکرار ہوگئی، جس کے بعد دونوں گروہوں کے درمیان ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔ بعد میں کچھ افراد کے درمیان آتش بازی کے حوالے سے جھگڑا بھی ہوا، جس کے نتیجے میں تشدد بھڑک اٹھا۔
مہو پولیس اسٹیشن انچارج راہول شرما نے تصدیق کی کہ مشتعل ہجوم نے تین کاروں اور درجن بھر دو پہیہ گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور آگ لگا دی۔ پولیس فی الحال تال محلہ، سیوا مارگ، پٹی بازار، مانیک چوک اور جامع مسجد علاقوں میں پیش آنے والے ان پانچوں واقعات کی تحقیقات کر رہی ہے۔
مکمل سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل فونز سے بنائی گئی ویڈیوز کا تجزیہ کیا جا رہا ہے تاکہ تشدد، آتش زنی اور پتھراؤ میں ملوث افراد کی شناخت کی جا سکے۔
اتوار کی رات مہو میں بڑی تعداد میں سیکیورٹی فورسز تعینات کر دی گئیں، جبکہ اعلیٰ پولیس افسران نے بھی مہو پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
مقامی افراد کے مطابق، نوجوان کرکٹ شائقین کے ایک گروپ نے نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کی جیت کا جشن منانے کے لیے ایک ریلی نکالی تھی۔ تاہم جب وہ جامع مسجد علاقے کے قریب پہنچے تو ایک بڑے ہجوم نے ان پر پتھراؤ شروع کر دیا، جس سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی نوجوان اپنی موٹر سائیکلیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
بعد ازاں، بعض افراد نے ان چھوڑے گئے موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی، جس سے علاقے میں مزید کشیدگی پیدا ہوگئی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نمیش اگروال نے بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جیت پر نکالی گئی ریلی کے دوران دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جو بعد میں پتھراؤ اور تشدد میں تبدیل ہوگیا۔
تشدد کے بعد مہو کے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے حالات قابومیں آگئے ہیں۔