نئی دہلی ، 8؍دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے یوپی کی یوگی حکومت سے کہا ہے کہ وہ 100 سال تک تاج محل کو محفوظ رکھنے کا ویژن ڈاکومنٹ دے۔ کورٹ نے کہا ہے کہ یوگی حکومت ایسا ویژن ڈاکومنٹ دے جس سے عمارت 100سالوں تک محفوظ رہے۔سپریم کورٹ نے یوگی حکومت کو کہا کہ TTZجو 6 اضلاع میں پھیلا ہوا ہے اس کو محفوظ رکھنے کے لئے ویژن ڈاکومنٹ بھی دے۔جمعہ کوکیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں جلدی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔سپریم کورٹ نے یوگی حکومت کو کہا کہ آپ کو عمارت کو 15 یا 20 سال کے لئے محفوظ نہیں کرنا بلکہ 300, 400سال کے لیے محفوظ کرناہے۔سپریم کورٹ نے کہا کہ ایڈہاک پلان سے کام نہیں بنے گا۔کورٹ نے کہا کہ جو درخت تم لگاتے ہو اس میں سے 75 فیصد مرجاتے ہیں ایسے میں درخت لگانے کا کیا فائدہ۔سپریم کورٹ نے کہا کہ اس معاملے میں صرف بیوروکریٹ سے کام نہیں چلے گا عمارت کو محفوظ کرنے کے لئے کئی ایکسپرٹ کی ضرورت بھی ہے۔جو تاریخ کو جانتے ہوں ثقافت کو جانتے اور سمجھتے ہوں۔سپریم کورٹ 8 ہفتے بعد کیس کی سماعت کرے گا۔