نئی دہلی، 14 مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے اترپردیش میں اب تک کی سب سے خراب کارکردگی پر پہلی بار منگل کو خاموشی توڑی۔راہل نے الزام لگایا کہ بی جے پی کو پولرائزیشن کی وجہ سے کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں بنیادی ڈھانچہ اور تنظیمی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسمبلی انتخابات کے نتائج برے نہیں۔ ہیں تاہم اترپردیش میں پارٹی کچھ نیچے رہی۔اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد ان کی قیادت پر اٹھ رہے سوالات کے درمیان راہل نے پارٹی کے اندر تبدیلی کا عمل شروع کرنے پر زور دیا اور ان علاقائی رہنماؤں کے کردار کی تعریف کی جو انتخابات لڑے اور فاتح کے طور پر ابھرے ۔انہوں نے کہاکہ جہاں تک کانگریس پارٹی کا سوال ہے، ہمیں بنیادی ڈھانچہ اور تنظیمی تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور یہ ایک حقیقت ہے۔وہ 11 مارچ کو اعلان پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے پنجاب میں حکومت بنائی اور منی پور اور گوا میں انتخابات جیتے۔یہ کوئی خراب نتیجہ نہیں ہے۔ یہ سچ ہے کہ ہم اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں انتخابات ہارگئے۔راہل نے کہا کہ ہر پارٹی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ہم اتر پردیش میں کچھ نیچے گئے ہیں، ہم اسے قبول کرتے ہیں۔لیکن بی جے پی کے ساتھ ہماری نظریاتی جنگ ہے اور ہم اسے جاری رکھیں گے۔راہل نے بھگوا پارٹی کو اس کی جیت پر مبارکباد دی لیکن اس پر ووٹوں کے پولرائزیشن کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہاکہ میں کہنا چاہوں گا کہ بی جے پی اترپردیش میں انتخابات جیتی اور میں انہیں مبارکباد دینا چاہوں گا۔ وہ کیوں جیتے، اس کی کئی وجوہات ہیں۔ اس کا اس سے بڑا حصہ پولرائزیشن ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ وہ الیکشن جیتے۔