لکھنؤ، 31/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی) محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے 31 اگست کو کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے کچھ مقامات پر انتہائی شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ حالانکہ دہلی-این سی آر میں 31 اگست کو موسم گرم اور نسبتاً خشک رہنے کا امکان ہے۔ آسمان ابر آلود اور زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہ سکتا ہے۔ اس دوران جنوب مغربی ہوائیں 25 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ یکم ستمبر سے دہلی میں بارش کے لیے حالات بہتر ہونے کا امکان ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق کئی علاقوں میں ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ دوپہر سے شام کے درمیان گرج چمک اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ہے۔ 2 ستمبر کو دہلی کے باشندوں کو گرمی سے راحت مل سکتی ہے۔ آسمان پر بادل چھائے رہنے کے ساتھ کئی مقامات پر ہلکی اور بعض مقامات پر درمیانی بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران گرج چمک کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔ درجۂ حرارت 32 سے 34 ڈگری سیلسیس تک رہ سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتراکھنڈ اور اروناچل پردیش میں 31 اگست کو بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کے کئی حصوں میں شدید ترین بارش ہوسکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق آنے والے دنوں میں ملک کے ایک بڑے حصے میں مانسون سرگرم رہ سکتا ہے اور کئی علاقوں میں 5 ستمبر تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔31 اگست کو اڈیشہ اور چھتیس گڑھ میں کچھ مقامات پر انتہائی شدید بارش ہو سکتی ہے۔ جھارکھنڈ اور بہار میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ دن میں کچھ علاقوں میں بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ شمال، مشرق، وسطی اور شمال مشرقی ہندوستان کے ساتھ جنوبی ہندوستان میں بھی 5 ستمبر تک مانسون سرگرم رہنے کا امکان ہے۔ جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں مختلف اوقات پر بارش ہو سکتی ہے۔ اتراکھنڈ میں یکم ستمبر تک بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔
مغربی اتر پردیش میں 31 اگست سے 5 ستمبر کے درمیان شدید بارش ہو سکتی ہے۔ ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب اور مغربی اتر پردیش میں اس دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔ وہیں مشرقی اتر پردیش میں یکم سے 5 ستمبر کے درمیان بارش اضافہ ممکن ہے اور کچھ علاقوں میں شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ وسطی ہندوستان میں پورے ہفتے بارش اور حبس کا عالم رہے گا۔ چھتیس گڑھ، مشرقی مدھیہ پردیش اور ودربھ میں 5 ستمبر تک شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ مغربی مدھیہ پردیش میں 2 سے 5 ستمبر کے درمیان وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش میں یکم ستمبر سے 3 ستمبر اور مغربی مدھیہ پردیش میں 3 سے 5 ستمبر کے درمیان بہت زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ چھتیس گڑھ میں یکم ستمبر کو بھی بعض مقامات پر بہت زیادہ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گنگائی مغربی بنگال، ذیلی ہمالیائی مغربی بنگال اور سکم میں 5 ستمبر تک شدید بارش ہو سکتی ہے۔ جھارکھنڈ اور اڈیشہ میں یکم ستمبر تک وسیع پیمانے پر بارش ہونے کا امکان ہے۔ بہار میں 31 اگست سے 2 ستمبر کے درمیان بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ مغربی ہندوستان کی بات کریں تو کونکن اور گوا میں 5 ستمبر تک شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ وسطی مہاراشٹر میں 4 ستمبر کو شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ گجرات، مراٹھواڑہ اور سوراشٹرا- کچھ میں ہفتے کے دوران کہیں کہیں سے لے کر مختلف مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔ شمال مشرقی ریاستوں میں بھی بارش کی سرگرمیاں تیز رہنے کا امکان ہے۔ اروناچل پردیش، آسام اور میگھالیہ کے ساتھ ساتھ ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ کئی مقامات پر شدید بارش اور بعض حصوں میں شدید ترین بارش ہونے کا امکان ہے۔ 5 ستمبر تک شمال مشرقی ریاستوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
جنوبی ہندوستان میں بھی مانسون سرگرم رہنے کا امکان ہے۔ ساحلی کرناٹک میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک شدید ترین بارش ہو سکتی ہے۔ کیرالہ، ماہے اور لکشدیپ میں 3 ستمبر تک شدید بارش ہونے کا امکان ہے۔ کچھ علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ گرج چمک، آسمانی بجلی گرنے اور گرد آلود تیز ہوائیں چل سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی نے اڈیشہ، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور اتراکھنڈ کے ’کیچمنٹ ایریاز‘ اور آس پاس کے علاقوں میں 31 اگست کو صبح 11:30 بجے تک اچانک سیلاب کا کم سے درمیانی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔ شدید بارش کے خدشے والے علاقوں میں لوگوں کو مقامی موسم سے متعلق الرٹ پر نظر رکھنے اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔