گؤرکشکوں کے دفاع میں اترے آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت
ناگپور،11اکتوبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے گؤرکشا کے لئے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کر رہے لوگوں کی آج مضبوطی سے حمایت کی اور کہا کہ ان لوگوں کاموازنہ گؤرکشا کے نام پر ظلم کرنے والوں سے نہیں کیا جانا چاہے۔ان کا یہ تبصرہ گزشتہ دنوں گؤرکشکو ں کی طرف کی مارپیٹ کئے جانے کے واقعات کے پیش نظر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گؤرکشا کیلئے بے شماراچھے لوگ کام کر رہے ہیں،جین سماج اس کے لئے مکمل طور پر وقف ہے،یہ اچھے لوگ قانون اور آئین کے دائرے میں رہ کر کام کررہے ہیں،انتظامیہ کو یہ دیکھنا چاہئے کہ فسادیوں کاموازنہ گؤرکشکوں سے نہیں کیا جائے۔بھاگوت نے کہا کہ دونوں کے درمیان فرق کئے جانے کی ضرورت ہے۔وہ آر ایس ایس کے ہیڈ کوارٹر میں سالانہ دسہرہ تقریب میں بول رہے تھے۔گزشتہ دنوں کچھ گؤرکشکوں کی طرف سے دلتوں اور مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات ہوئے تھے۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ان واقعات کی مذمت کی تھی اور کہا تھا کہ گؤرکشکو ں میں سے 80فیصد سماج مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں اورگؤرکشاکے نام پر دکان چلا رہے ہیں۔بھاگوت نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث لوگوں کے خلاف حکومتوں کوکارروائی کرنی چاہئے۔گجرات کے اونا اور دیگر جگہوں پر ہوئے اس طرح کے واقعات کو انہوں نے شرمناک بتایاتھااورکہاتھا کہ اس طرح کے واقعات کبھی نہیں ہونے چاہئیں۔آر ایس ایس کے سربراہ نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں کچھ خامیاں ہیں اور تعصب بھی ہے،کچھ عناصر اس کے فائدے کے لئے اس صورت حال کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔گؤرکشا کی وکالت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کے اصول بھی اس کے حق میں بات کرتے ہیں اور کئی ریاستوں میں قانون ہے جو گؤرکشا کی حمایت میں طویل عرصے سے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جانوروں پر ظلم کے خلاف بھی قانون ہے۔گؤرکشکو ں نے ان قوانین کے نفاذ کے لئے پرامن طریقے سے تحریک کی ہے۔انہوں نے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کرنے کی کوشش کی ہے۔