ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ’انڈیا اتحاد‘ کا جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا اعلان، سیٹوں کی تقسیم پر جلد گفتگو متوقع

’انڈیا اتحاد‘ کا جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات مشترکہ طور پر لڑنے کا اعلان، سیٹوں کی تقسیم پر جلد گفتگو متوقع

Sun, 20 Oct 2024 10:45:00    S.O. News Service

رانچی، 20/اکتوبر (ایس او  نیوز /ایجنسی)جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات دو مراحل میں ہوں گے، اور این ڈی اے اور انڈیا اتحاد دونوں ہی کامیابی حاصل کرنے کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ این ڈی اے نے کچھ سیٹوں کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ آج انڈیا اتحاد کی جانب سے بڑی خبر یہ آئی ہے کہ تمام پارٹیاں مل کر انتخاب لڑیں گی۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ "انڈیا اتحاد آئندہ اسمبلی انتخابات میں متحد ہو کر حصہ لے گا، اور کانگریس-جے ایم ایم 81 میں سے 70 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔"

قابل ذکر ہے کہ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی سیٹوں کی تقسیم پر تبادلہ خیال کے لیے رانچی پہنچ بھی چکے ہیں۔ ہیمنت سورین نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک تصویر بھی شیئر کی ہے جس میں وہ پھولوں کا گلدستہ پیش کر راہل گاندھی کا استقبال کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ جلد ہی یہ فیصلہ کر لیا جائے گا کہ 70 سیٹوں میں سے کتنی سیٹوں پر کانگریس اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور کتنی سیٹوں پر جے ایم ایم۔

وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے رانچی واقع اپنی رہائش پر انڈیا بلاک کے ساتھ مل کر انتخاب لڑنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے انڈیا بلاک کے لیڈران کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے بعد کہا کہ ’’انڈیا بلاک جھارکھنڈ اسمبلی انتخاب ایک ساتھ لڑے گا۔ ساتھی پارٹیوں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ کانگریس اور جے ایم ایم 81 میں سے 70 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتاریں گے۔‘‘ جے ایم ایم اور کانگریس کتنی سیٹوں پر انتخاب لڑے گی، اس بارے میں فی الحال ہیمنت سورین نے جانکاری نہیں دی ہے۔

ہیمنت سورین کا کہنا ہے کہ 70 سیٹوں کے علاوہ جو 11 سیٹیں بچ رہی ہیں، ان پر اتحادی پارٹیاں آر جے ڈی اور بایاں محاذ اپنے امیدوار کھڑے کریں گی۔ ان پارٹیوں سے سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں بات چیت فی الحال چل رہی ہے۔ ہیمنت سورین نے کانگریس کے جھارکھنڈ انچارج غلام احمد میر کی موجودگی میں سیٹ شیئرنگ سے متعلق یہ اعلان کیا۔


Share: